صنعا: (ویب ڈیسک) یمن کے شہر مارب میں حوثی باغیوں نے میزائل حملہ کیا جس کے نتیجے میں 5 افراد جاں بحق اور 23 زخمی ہوگئے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق یمن میں سعودی اتحادی افواج اور مسلح حوثی باغیوں کے درمیان گھمسان کی جنگ جاری ہے اور اس بار میدان جنگ شہر مارب ہے۔
سعودی سربراہی میں قائم اتحادی افواج نے مارب شہر میں حوثی باغیوں کو شکست دیکر قبضہ واگزار کرانے کا اعلان کیا ہے تاہم آج پھر شہر میزائل حملوں سے گونجتا رہا۔
سعودی اتحادی افواج کے ترجمان نے دعویٰ کیا ہے کہ شکست خوردہ حوثی باغیوں نے رہائشی علاقوں پر میزائل حملے کیے ہیں جن میں بچوں سمیت 5 افراد جاں بحق اور 23 زخمی ہوگئے۔
واضح رہے کہ یمن میں حوثی باغیوں اور سعودی عرب کی سربراہی میں قائم عسکری اتحاد کے درمیان 2014 سے گھمسان کی جنگ جاری ہے جس میں 1 لاکھ 12 ہزار ہلاکتیں ہوئیں جب کہ 3 لاکھ سے زائد افراد بے گھر اور 84 ہزار بچے بھوک سے ہلاک ہوگئے.