بیجنگ: (ویب ڈیسک) روس کے ساتھ کشیدگی کے بعد چین نے بھی امریکا کو ممکنہ جنگی تصادم کی وارننگ جاری کردی۔
امریکا میں چین کے سفیر کن گانگ نے ایک انٹرویو میں کہا اگر امریکا اسی طرح تائیوان کو چین سے آزاد ی کے لئے اکساتا رہے گا تو بیجنگ اور واشنگٹن کے درمیان عسکری تصادم ہو سکتا ہے، آبنائے تائیوان کے دونوں اطراف پر بسنے والے چینی باشندے ہیں، چین تائیوان کے دوبارہ الحاق کے لئے ہر ممکن قدم اٹھائے گا۔
واضح رہے کہ یوکرین کے محاذ پر روس اور امریکہ پہلے ہی آمنے سامنے ہیں اور جنگی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں۔ امریکہ کے ساتھ ساتھ نیٹو بھی روس کیخلاف صف آرا ہوتا نظر آتا ہے۔ اب چین کی جانب سے امریکہ کو تائیوان کے معاملے میں مداخلت سے روکنے کیلئے جنگ کی دھمکی صدر جوبائیڈن کو دیگر خطوں میں مداخلت کی پالیسی پر ازسر نو غور کرنے کی ترغیب دلا رہی ہے جو پرامن بقائے باہمی کا رہنما اصول ہے۔