بیجنگ: (ویب ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین کے درمیان اسٹریٹجک تعاون اور پارٹنرشپ لازوال ہے، ایم ایل ون اور توانائی کے دیگر اہم منصوبوں کو بھی ترجیح دیں گے۔
وزیراعظم عمران خان سے چین کے قومی ترقی اور اصلاحاتی کمیشن کے چیئرمین نے ملاقات کی، جس میں چین کے سیاسی، مشاورتی کونسل کے وائس چیئرمین بھی موجود تھے۔ ملاقات میں سی پیک کے جاری منصوبوں اور مستقبل کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ چیئرمین این ڈی آر سی نے بتایا کہ چین سی پیک منصوبوں کو انتہائی اہمیت دیتا ہے، چین سی پیک منصوبوں پر جلد پیشرفت کیلئے پرعزم ہے۔
اس موقع پر عمران خان کا کہنا تھا کہ چین اور پاکستان آزمودہ دوست ہیں، پاک چین تذویراتی شراکت داری ہر آزمائش پر پورا اتری، کوویڈ کے باوجود سی پیک منصوبوں پر کام جاری رہا، چین کے قومی ترقی اور اصلاحاتی کمیشن کا تعاون قابل تحسین ہے، سی پیک، بی آر آئی منصوبے کا اہم جزو ہے، سی پیک سے دونوں ممالک کے عوام مستفید ہو رہے ہیں، سی پیک منصوبوں سے پاکستانی معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہوئے، سی پیک منصوبوں نے ملک میں پائیدار معاشی ترقی کی بنیاد رکھ دی، پاکستان اور چین گوادر کو خطے کا معاشی مرکز بنانے کیلئے کوششیں جاری رکھیں گے۔