اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر مراد سعید نے کہا ہے کہ ان کی کارکردگی پر تبصرہ نہیں ہوتا مگر ان کی ذات سے متعلق غلیظ گفتگو کی جاتی ہے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انہیں نہیں پتہ کہ پرفارم کرنا اتنا برا ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وہ پارلیمنٹ میں کمزور طبقے کی بات کرنے آئے ہیں، وہ جب بات کرتے دلائل سے کرتے ہیں۔
مراد سعید نے کہا کہ ان سیاست دانوں کی نظر میں ہماری کوئی اوقات نہیں، ہمارے جیسے لوگ جب سیاست میں کسی مقام پر پہنچتے ہیں تو یہ سیاست دان آپ پر غلیظ الزامات لگانے لگتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے دئیے گئے تمام اہداف کو سو فیصد تک مکمل کیا، 13 سال بعد پاکستان پوسٹ کو خسارے سے نکالا، ملک میں سڑکوں کا جال بچھایا۔