ماسکو: (ویب ڈیسک) روس نے یوکرین کے چرنوبیل ایٹمی پلانٹ پر قبضہ کرلیا ہے۔
خبر ایجنسی کے مطابق روس اور یوکرین کے مابین جنگ جاری ہے جس میں نئی آنے والی رپورٹس میں بتایا گیا ہے یوکرین نے اپنے چرنوبیل ایٹمی پلانٹ پر روس کی جانب سے قبضے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے پلانٹ کا کنٹرول کھو دیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق یوکرینی فوجیوں نے روسی فوج کے آگے ہتھیار ڈالنے شروع کردیئے ہیں۔
قبل ازیں روس نے عالمی دباؤ کو مسترد کرتے ہوئے یوکرین پر حملہ کر دیا، زمینی اور فضائی کارروائیوں میں فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایا جبکہ یوکرینی ایئربیس اور ایئر ڈیفنس سسٹم تباہ کر دیا، اس دوران 40 فوجی، 10 شہری مارے گئے، اسی دوران یوکرین نے جوابی اقدامات میں 50 روسی اہلکار مارنے اور 7 طیارے گرانے کا دعویٰ کر دیا۔
روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن کی جانب سے یوکرین پر حملے کے اعلان کے بعد دارالحکومت کیف سمیت یوکرین کے مختلف علاقوں میں دھماکوں کی آوازیں سنی جا رہی ہیں۔
برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق یوکرین کے دارالحکومت کیف اور ڈونباس ریجن میں دھماکوں کی آوازیں سنی جا رہی ہیں۔
رپورٹس کے مطابق یوکرین کی بلیک سی پورٹ اڈیسہ پر دھماکے سنےگئے ہیں جبکہ مشرقی یوکرین کے علاقے ماریوپول بھی دھماکوں سے گونج اٹھا ہے۔
خبر ایجنسی کے مطابق یوکرین کے دارالحکومت کیف اور خرکیف میں ملٹری کمانڈ سینٹرز پر بھی میزائل حملے کیے گئے ہیں جبکہ روسی فوج یوکرین کے علاقے ماریوپول اور اڈیسا میں پہنچ گئی ہے۔