لاہور: (ویب ڈیسک) ٹک ٹاک نے اپنے مد مقابل ایپلیکیشنز سے سبقت لینے کے لیے ویڈیو کا دورانیہ مزید بڑھا دیا ہے۔ ٹک ٹاک نے اب ویڈیو کا دورانیہ 10 منٹ کردیا ہے، اس سے پہلے یہ دورانیہ 3 منٹ کا کیا گیا تھا۔
ٹک ٹک کی جانب سے کیے جانے والے اعلان سے دنیا بھر میں تقریباً ایک ارب صارفین کو فائدہ پہنچے گا۔ ٹک ٹاک کے ایک ارب صارفین میں سے صرف 10 کروڑ کا تعلق امریکہ سے ہے۔
عالمی خبررساں ایجنسی کے مطابق ٹاک ٹاک ٹیم کا کہنا ہے کہ طویل ویڈیوز کے ذریعے ٹک ٹاکرز کو اس پلیٹ فارم پر بہتر مواد بنانے کا موقع ملے گا۔
پہلے ویڈیوز کا دورانیہ صرف ایک منٹ تھا، پھر تین منٹ کیا گیا اور اب دنیا بھر میں صارفین دس منٹ تک طویل ویڈیوز بنا سکیں گے۔
ٹک ٹاک چین کی بائٹ ڈانس کی ملکیت ہے اور یہ دنیا میں مقبول ترین سوشل میڈیا ایپس میں سے ایک ہے لیکن اسے یوٹیوب اور ٹرلر سمیت دیگر حریفوں کا بھی سامنا ہے۔
یاد رہے سات ماہ قبل آنے والی رپورٹ کے مطابق چین کی ویڈیو شیئرنگ ایپ ٹک ٹاک نے فیس بک سے دنیا کی سب سے زیادہ ڈاؤن لوڈ کی جانے والی ایپ کا اعزاز چھین لیا تھا۔
2018 میں سوشل میڈیا سے متعلق پہلی تحقیقی رپورٹ شائع کرنے والے ادارے کے نئے اعداد و شمار میں بتایا گیا تھا کہ 2017 میں لانچ ہوئی ٹک ٹاک دنیا بھر کی مشہور ایپس سے آگے نکل گئی ہے، جن میں فیس بک کے ساتھ واٹس ایپ، انسٹاگرام اور فیس بک میسنجر بھی شامل ہیں۔