خانیوال: (ویب ڈیسک) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ سلیکٹڈ کا کوئی مستقبل نہیں اس نے تولندن بھاگنا ہے، ہمارا تومرنا جینا عوام کے ساتھ ہے۔
خانیوال میں لانگ مارچ شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین نے کہا کہ عوام کی طاقت دیکھ کراس کی ٹانگیں کانپ رہی ہیں، بنی گالہ سے چیخیں آرہی ہیں، تین سال سے کہہ رہا تھا دنیا بھرمیں مہنگائی ہو رہی ہے، ہردوسرے ہفتے10سے12روپے پٹرول کی قیمتیں بڑھاتا رہا، جیالوں کی محنت کے بعد کٹھ پتلی جھک گیا، پٹرول کی قیمتوں میں 10روپے کمی جیالوں کی کامیابی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کٹھ پتلی خوفزدہ اورڈرپوک ہے۔ یہ سلیکٹڈ کی بھول تھی، جیالے کل اور آج بھی جیالے موجود ہے، پیپلزپارٹی نے جنرل ضیا، جنرل مشرف کا مقابلہ کیا تم تو ایک کٹھ پتلی سلیکٹڈ ہو۔
شرکاء سے خطاب میں بلاول کا کہنا تھا کہ سلیکٹڈ کا کوئی مستقبل نہیں اس نے تولندن بھاگنا ہے، ہمارا تومرنا جینا عوام کے ساتھ ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ شہید بی بی کے حکومت میں کسانوں کوپورا معاوضہ ملتا تھا، جھوٹے آدمی نے کسانوں کا معاشی قتل کیا، یوریا کا بحران پیدا کرکے کسانوں کا معاشی قتل کیا جاتا ہے، پانی کی تقسیم میں ناانصافی کی وجہ سے کسان کا معاشی قتل کیا جاتا ہے۔ کسانوں کواصل قیمت نہیں مل رہی۔ کیا خانیوال کے لوگ حساب لینے کے لئے میرے ساتھ اسلام آباد چلیں گے۔