تازہ تر ین

تمہاری جماعت کے بخیے ادھڑ رہے ہیں، مریم نواز کی وزیراعظم پر تنقید

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے وزیراعظم پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ تمہاری جماعت کے بخیے ادھڑ رہے ہیں اور اس کی ذمہ دار نہ اپوزیشن ہے اور نہ کوئی ملکی یا غیر ملکی سازش۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے سلسلہ وار ٹویٹ میں پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر نے وزیراعظم پر طنز کرتے ہوئے لکھا کہ غصہ، اشتعال، دھمکیاں، گالیاں، زبان درازی __ گھبرا گئے ہو نا!
عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے انہوں نے مزید لکھا کہ تم نے پاکستان کو تباہی و بربادی کے گڑھے میں پھینک دیا۔ چاروں طرف غربت، مہنگائی، بیروزگاری، بدامنی، دہشتگردی کا راج ہے۔ قوم تمہاری نااہلیت، جہالت اور کھلنڈرے پن کی بہت قیمت ادا کر چکی ہے۔ مزید کی کوئی گنجائش نہیں۔
مریم نواز نے مزید لکھا کہ اپنی ناکامیوں کا الزام اپوزیشن کو دو نہ دوسرے ممالک کو۔ سازش کا واویلا کر کے تم قوم کو بے وقوف نہیں بنا سکتے۔ جس شخص کو تاریخ کا علم ہو نہ جغرافیہ کا، جسے خارجہ پالیسی کا پتہ ہو نہ سفارتی تعلقات کا، جسے حکومت چلانا آیا ہو نہ عوام کے مسائل حل کرنا، وہ وہی کچھ کرسکتا تھا جو تم نے پونے چار سالوں میں کیا۔
پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر نے کہا کہ تمہارا کارنامہ یہ ہے کہ تم نے پاکستان کو اندرونی طور پر تباہ و برباد اور بیرونی طور پر تنہا کر دیا ہے۔ دنیا میں ہمارے دشمنوں کے لیے تم سے بہتر کون ہوگا۔ اپنا انجام دیکھ کر گھبراؤ نہیں- ڈرامہ بازی بند کرو۔ یہ دن تو آنا ہی تھا۔
انہوں نے مزید لکھا کہ آنکھیں کھول کے دیکھو، تمہاری جماعت کے بخیے ادھڑ رہے ہیں اور اس کی ذمہ دار نا اپوزیشن ہے اور نا کوئی ملکی یا غیر ملکی سازش۔ اس کے ذمہ دار آپ خود ہیں، آپ کی گندی زبان ہے، آپ کا تکبر اور غرور ہے اور اپنے ممبران کو احترام نہ دینا ہے۔ اب بہت دیر ہو چکی۔ آپ کی خالی دھمکیاں اب کسی کام کی نہیں۔


اہم خبریں
   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2021 All Rights Reserved Dailykhabrain