لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے ایک مرتبہ پھر وزیراعظم پر تنقیدی نشتر چلا دیئے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ پر انہوں نے لکھا کہ ایسی حکومت کا کیا فائدہ جس میں اپنے ہی اراکین کو نااہلی اور گھیراو کی دھمکیاں دے کر زبردستی ساتھ رکھنے کی سر توڑ کوششوں کے باوجود ناکامی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہو اور جہاں اتحادیوں کے سامنے گھٹنے ٹیکنے کے بعد بھی آپ پسپا ہو رہےہوں؟ یہ حکومت نہیں ذلت ہے، شرمندگی ہے۔
اس موقع پر وزیراعظم کو ٹیگ کرتے ہوئے ایک اور ٹویٹ پر انہوں نے علامہ اقبالؒ کا شعر بھی لکھا۔
اے طائرِ لاہوتی! اس رزق سے موت اچھی
جس رزق سے آتی ہو پرواز میں کوتاہی!
آخر میں انہوں نے عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا کہ مگر یہ عزت والے انسان کے لیے ہے، آپ کے لیے نہیں۔
اپنے ایک اور ٹویٹ میں انہوں نے وزیراعظم سے متعلق لکھا کہ آج مجھے وہ الفاظ یاد آ رہے ہیں جو آپ نے ہزارہ برادری کو کہے تھے جو اپنے پیاروں کی لاشیں اپنے سامنے رکھ کر سردی میں دھرنا دیے بیٹھے تھے اور آپ کو پکار رہے تھے! میں بلیک میل نہیں ہوں گا!۔
انہوں نے مزید لکھا کہ مظلوموں کی وہ آہیں اب آپ کا پیچھا کر رہی ہیں۔