اسلام آباد: (ویب ڈیسک) فواد چودھری نے کہا ہے کہ ہماری سیاست کی بنیاد جمہوریت ہے اور عوام کی رائے ہمارے لئے مقدم ہے، اسلام آباد میں جلسے کا مقصد تصادم نہیں۔
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری نے چودھری شجاعت حسین کی جانب سے جلسے منسوخ کرنے کی اپیل کے جواب میں کہا کہ چودھری شجاعت حسین صاحب رائے شخصیت ہیں، وزیر اعظم نے چودھری صاحب کو ہمیشہ عزت دی، ہماری سیاست کی بنیاد جمہوریت ہے اور عوام کی رائے ہمارے لئے مقدم ہے، اسلام آباد میں جلسے کا مقصد تصادم نہیں۔
فواد چودھری کا کہنا تھا کہ اگر اپوزیشن پر امن جلسہ کرنا چاہتی ہے تو اس جلسے کو بھی خوش آمدید کرتے ہیں اور ہر طرح کی سہولت دیں گے، جمہوریت میں عوام کی رائے اصل فیصلہ ہے اور جلسے اس رائے کے اظہار کا ایک اہم ذریعہ ہیں۔
یاد رہے سابق وزیر اعظم اور سربراہ ق لیگ چودھری شجاعت نے حکومت اور اپوزیشن سے اپیل کرتے ہوئے کہا تھا کہ ملکی مفاد میں جلسوں کا اعلان منسوخ کریں، ملکی حالات محاذ آرائی کے متحمل نہیں ہوسکتے، پاکستان کے موجودہ نامساعد معاشی اور سیاسی حالات اس خطرناک محاذ آرائی کے متحمل نہیں ہو سکتے، غربت اور مہنگائی کی چکی میں پسنے والے عوام حکومت اور اپوزیشن کے جلسوں اور نمبروں کی سیاست سے سخت پریشان ہیں۔