لاہور: (ویب ڈیسک) مسلم لیگ ق کے مرکزی رہنما چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ حکومت چھوڑی ہے نہ ہی اپوزیشن جوائن کی ہے، حکومت کا حصہ ہیں ہر مشکل وقت میں اس کا ساتھ دیا ہے۔
سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ ہم حکومت کے اتحادی ہیں اور الگ جماعت ہیں، جماعتوں کے اندر مختلف آرا ہوتی ہیں لیکن فیصلے باہمی مشاورت سے کئے جاتے ہیں، وزیراعظم عمران خان ایماندار اور ان کی نیت بھی اچھی ہے۔
اس سے قبل مسلم لیگ ق اور حکمران جماعت پی ٹی آئی میں خلیج بڑھتی دکھائی دے رہی تھی، وزیردفاع پرویز خٹک نے مسلم لیگ ق کو پنجاب کی وزارت اعلیٰ دینے سے انکار کر دیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن پرویز الہی کو وزیراعلی پنجاب بناتی ہے تو بن جائیں، ہر مشکل میں بلیک میل کرنا مناسب رویہ نہیں۔
تحریک انصاف کا یہ سخت موقف سپیکر پنجاب اسمبلی کے گذشتہ روز کے بیان کے بعد دیکھنے میں آیا تھا جس میں پرویز الہی نے کہا تھا کہ عمران خان صاحب نے کسی کو کچھ نہیں دیا، وزیراعلیٰ بنا تو مسائل حل کر دوںگا۔ پرویز الٰہی نے مزید کہا تھا کہ عمران خان 100 فیصد مشکل میں ہیں، اتحادیوں کا 100فیصد جھکاؤ اپوزیشن کی طرف ہے، جھکاؤ کو ریورس کرنا عمران خان کی ذمہ داری ہے۔ خان صاحب نے سب کے ساتھ ہاتھ کیا ہے، وزیراعلیٰ بنا تو تمام مسائل حل کر دوں گا۔اتحادیوں سے کیے گئے تمام وعدے پورے کریں گے، بڑے سرپرائز آنے والے ہیں، آصف زرداری کا دعویٰ درست، اپوزیشن کے پاس 172 سے زیادہ ووٹ ہیں۔