تازہ تر ین

عمران خان حکومت گرانے کیلئے ہر موقع پر بیرونی سازش ہوئی، مخالفین نے ایڑی چوٹی کا زور لگایا: شہباز گل

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی شہباز گل نے کہا ہے کہ ہارس ٹریڈنگ کرنے کی کوشش کی گئی اور مخالف طاقتوں نے ایڑی چوٹی کا زور لگایا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہر موقع پر عمران خان کی حکومت گرانے کے لیے بیرونی سازش ہوئی۔
ذرائع ابلاغ سے بات چیت کرتے ہوئے شہباز گل نے کہا کہ عوام عمران خان کے ساتھ کھڑی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم ان کا مقابلہ کریں گے اور ہرا کر بھی دکھائیں گے۔
شہباز گل نے کہا کہ ہمارے جعلی پلاسٹک کے بنے ہوئے لیڈران ہیں، انہیں یورپی یونین کے بارے میں کوئی قانونی بیان بھی دے دیا جائے تو برا لگتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ڈرون حملے ہو رہے تھے، 80 ہزار پاکستانی شہید ہو گئے۔
انہوں نے کہا کہ ہماری بہادر افواج نے ہر میدان میں اپنا لوہا منوایا، اس ملک کی بہادر ماؤں کے علاوہ کسی نے ہماری مدد نہیں کی لیکن پاکستان دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سرخرو ہوا۔
شہباز گل نے کہا کہ عمران خان بکھری ہوئی معیشت کو جوڑنے کی کوشش کرتے رہے، غریبوں کے لیے کام کر رہے ہیں اور ملکی ترقی کے لیے نئی صنعتیں لگا رہے ہیں جب کہ مراد سعید 43 کروڑ روپے میں بننے والی سڑک 17 کروڑ میں بنا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان پاکستان کو آگے لے کر گئے ہیں۔
وزیراعظم کے معاون خصوصی شہباز گل نے کہا کہ پاکستان میں ہمیشہ اشرافیہ کو آگے کرنے کے لیے لائن توڑی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے بھی لائن توڑی لیکن غریب کو آگے لانے کے لیے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے آج ہر غریب کی جیب میں دس لاکھ روپیہ ڈال دیا ہے۔
شہباز گل نے واضح طور پر کہا کہ جہاں ہمارا خون بہے گا ہم انکار کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم آپ کے کرائے کے غنڈے یا چوکیدار نہیں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان نے حرمت رسول ﷺ کی جنگ لڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے صاف انکار کر کے عام پاکستانی کی چھاتی بھی چوڑی کی۔ ان کا کہنا تھا کہ واضح طور پر کہہ رہا ہوں عمران خان تیار ہے ان چوروں سے لڑنے کے لیے۔
شہباز گل نے کہا کہ ڈی سی آفس میں جلسے کے لیے درخواست دی ہے۔ انہوں ںے کہا کہ ہم نے جلسے کا پہلے اعلان کیا تھا جب کہ اپوزیشن نے محاز آرائی کی خاطر جلسے کے لیے اسی جگہ کا انتخاب کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ن لیگ کے ایک رکن نے پہلے ایف اے کیا اور پھر میٹرک کیا۔
اس موقع پر پی ٹی آئی کی رکن قومی اسمبلی کنول شوذب نے پاکستان سمیت پوری مسلم دنیا کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ مجھے فخر ہے کہ میں عمران خان کی ورکر ہوں۔ انہوں نے کہا کہ پوری دنیا اس وقت عمران خان کو مبارکباد پیش کر رہی ہے۔
رکن قومی اسمبلی کنول شوذب نے کہا کہ عمران خان صرف پاکستان ہی نہیں پوری اسلامی دنیا کے لیڈر ہیں اور وہ چوروں کے خلاف آپ کی اور میری نسلوں کی لڑائی لڑ رہے ہیں۔


اہم خبریں





دلچسپ و عجیب
   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2021 All Rights Reserved Dailykhabrain