اسلام آباد: (ویب ڈیسک) سابق صدر آصف علی زرداری نے اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) و جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کی۔
سابق صدر مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کیلئے اسلام آباد میں ان کی رہائش گاہ پہنچے جبکہ ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال اور تحریک عدم اعتماد پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھاکہ پیپلزپارٹی نے 23 مارچ کے لانگ مارچ میں شرکت کی دعوت قبول کرلی ہے۔
انہوں نے کہا کہ مجھے آج دعوت دینے کیلئے آصف زرداری کے پاس جانا تھا لیکن وہ خود تشریف لے آئے اور انہوں نے کہا کہ آپ کی دعوت دینے سے پہلے ہی میں نے آپ کی دعوت قبول کرلی ہے۔
دوسری جانب مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ پر اپوزیشن رہنماؤں کا اجلاس ہوا جس میں سابق صدر آصف زرداری، شاہدخاقان عباسی اور دیگر رہنما شریک تھے۔
ذرائع کے مطابق ملاقات میں اپوزیشن رہنماؤں نے تحریک اعتماد پر پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں رہنماؤں نے گفتگو کی کہ تمام حکومتی اتحادی پائیدار جمہوری سفرکیلئے اپوزیشن کاساتھ دیں گے۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں اتفاق کیا گیا کہ اپوزیشن کی تمام جماعتیں لانگ مارچ میں شریک ہوں گی۔
خیال رہے کہ پی ڈی ایم کی جانب سے 23 مارچ کو اسلام آباد کی طرف مارچ کا اعلان کیا گیا ہے۔
