لاہور: (ویب ڈیسک) مسلم لیگ ن کے رہنما حمزہ شہباز نے کہا ہےکہ عوام نے 4 سال عمران نیازی کی فضول باتیں سن لیں، اب عمران نیازی پر عدم اعتماد کا اظہار کر دیا ہے۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے لیگی رہنما حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ عمران خان میں نہ مانوں کےاصول پر عملدرآمد کرتے ہیں، حکومتی اتحادی بھی کہتے ہیں وزیراعظم ہماری بات نہیں سنتے، عوامی نمائندوں نےعوام کے پاس جانا اور جواب دینا ہوتا ہے، منتخب نمائندوں کا مؤقف ہے عوام کے سامنے کیا منصوبہ لے کر جائیں گے، عمران نیازی نے 4 سال میں کون سا تیر مارا ہے۔
قبل ازیں لیگی رہنما شاہد خاقان عباسی نے کراچی میں میڈیا سے بات چیت کے دوران سوال اٹھایا کہ سندھ میں گورنر کیوں لگے گا؟ گورنر راج کی پنجاب میں ضرورت ہے جہاں وزیراعلیٰ اکثریت کھو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جو آئین توڑے گا وہ غداری کا مرتکب ہو گا، اس پر آرٹیکل 6 لگے گا، اپوزیشن نے کبھی خرید و فروخت نہیں کی۔