لاہور: (ویب ڈیسک) سندھ ہاؤس پر پی ٹی آئی کارکنوں کے حملے کے بعد بلاول ہاؤس کے ترجمان نے کہا ہے کہ عمران خان کی حکومت کل سے ختم ہو چکی، آئینی طور پر وزیراعظم ایوان میں اکثریت کھو چکے ہیں، تمام وفاقی وزرا بھی اپنے گھر اور گاڑیوں سے جھنڈے اتار دیں۔
ترجمان بلاول ہاؤس کے بیان کے مطابق آئینی طور پر عمران خان ایوان میں اکثریت کھو چکے، عمران خان اب سابق سلیکٹڈ وزیراعظم ہیں، آئین کی رو سے عمران خان کی کابینہ اکثریت کھونے پر فارغ ہو چکی ہے، تمام وفاقی وزراء اپنے گھر اور گاڑیوں سے جھنڈے اتار دیں، اب عمران خان کے احکامات ماننے والے آئین کی انحرافی کر رہے ہیں۔
بلاول ہاؤس کے ترجمان کی جانب سے مزید کہا گیا کہ عدم اعتماد کا مقابلہ نہیں کر سکتے تو اعتماد کا ووٹ لے لیتے، اپنے ہی ایم این ایز کو گیدڑ کہنے پر ممبران کی اکثریت بپھر گئی، بلاول بھٹو زرداری دور حاضر کے ذوالفقار علی بھٹو ہیں، چیئرمین پیپلز پارٹی نے پوری قوم کو عمران گردی کے خلاف ایک پیج پر لاکھڑا کردیا ہے۔