اسلام آباد: (ویب ڈیسک) اسپیکر اسد قیصر کی زیرصدارت قومی اسمبلی کا اجلاس آج ہوگا، قومی اسمبلی اجلاس میں 15 نکاتی ایجنڈا زیرغور آئیں گے۔
اراکین پارلیمنٹ کی آمد کا سلسلہ جاری ہے، سابق صدر آصف علی زرداری، اپوزیشن لیڈر میاں شہباز شریف، اور پاکستان پیپلز پارٹی کے چئیر مین بلاول بھٹو زرداری پارلیمنٹ پہنچ گئے۔
آصف زرداری کا کہنا ہے کہ آج سیاست انتہائی اہم موڑ پر آچکی ہے، صدر آصف زرداری سے صحافی نے سوال کیا کہ اب کیا ہوگا؟ جس پر ان کا کہنا تھا کہ انشاء اللہ بہتر ہوگا۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ آج عوام کی فتح کا دن ہے، ہم اپنی محنت کررہے ہیں،عمران خان اپنی اکثریت کھو چکے ہیں۔
وزیر اعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد اجلاس کے ایجنڈے میں شامل ہے، جبکہ وفات پا جانے والے رکن قومی اسمبلی خیال زمان کے لیے فاتحہ خوانی بھی ہو گی۔
فاتحہ خوانی کے بعد اراکین اسمبلی وفات پا جانے والے رکن سے متعلق اظہار خیال کریں گے۔
ایجنڈے میں کہا گیا ہے کہ ایوان کی رائے ہے کہ وزیر اعظم عمران خان ایوان کا اعتماد کھو چکے ہیں، 152 ارکان وزیر اعظم کے خلاف عدم اعتمادکی قرارداد پیش کریں گے۔