لاہور: (ویب ڈیسک) آسٹریلیا نے پاکستان کو تیسرے اور آخری ٹیسٹ میچ میں 115 رنز سے شکست دیکر لاہور ٹیسٹ اور سیریز اپنے نام کرلی ہے۔
لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں پاکستان اور آسٹریلیا کے مابین آخری ٹیسٹ میچ کھیلا گیا جس کے آخری روز پاکستانی بیٹرز کی جانب سے انتہائی ناقص بلے بازی کا مظاہرہ کیا گیا اور گرین کیپس نے جیتی ہوئی بازی کینگروز کی جھولی میں ڈال دی۔
مہمان ٹیم کے 351 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بابر الیون 235 رنز پر ڈھیر ہوگئی اور اس طرح مہمان ٹیم نے سیریز ایک ، صفر سے جیت لی۔
پہلی اننگز میں 23 رنز کے عوض 3 اور دوسری میں 56 سکور کے بدلے میں 5 وکٹیں لینے والے آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا جبکہ عثمان خواجہ کو تینوں میچوں میں 496 رنز بنانے پر سیریز کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ دیا گیا۔
خیال رہے کہ اس سے قبل راولپنڈی اور کراچی میں کھیلے گئے دونوں میچ بغیر نتیجہ ختم ہوئے تھے۔
پاکستان نے آخری روز بغیر کسی نقصان کے 73 رنز سے اننگز کا آغاز کیا، 77 رنز پر پاکستان کی پہلی وکٹ گر گئی، عبداللہ شفیق 27 رنز بنا کر کیمرون گرین کی گیند پر پویلین واپس لوٹ گئے، اظہر علی کو لیون نے شکار کیا، انہوں نے صرف 17 رنز بنائے۔
بابر اعظم نے 55 رنز کی اننگز کھیلی، فواد عالم 13 ، محمد رضوان 1، ساجد خان 6، نعمان علی، حسن علی اور نسیم شاہ صفر پر آؤٹ ہوئے جبکہ شاہین شاہ آفریدی بغیر کوئی سکور بنائے ناٹ آؤٹ رہے، پاکستان کی جانب سے امام الحق نے سب سے زیادہ 70 رنز کی اننگز کھیلی۔
آسٹریلیا کی جانب سے پیٹ کمنز نے ایک مرتبہ پھر شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 5 کھلاڑیوں کا شکار کیا، مچل سٹار نے 4 اور نیتھن لیون نے 1 وکٹ اپنے نام کی۔
گذشتہ روز آسٹریلوی ٹیم نے دوسری اننگز 227 رنز بنا کر ڈکلیئر کردی تھی، آسٹریلوی اوپنر عثمان خواجہ 104 رنز بنا کر نا قابل شکست رہے جبکہ ڈیوڈ وارنر نے 51 رنز بنائے تھے۔
اس سے قبل قومی ٹیم نے اپنی پہلی اننگز میں 235 رنز بنائے تھے ، امام الحق نے سب سے زیادہ 70 رنز بنائے تھے جبکہ کپتان بابر اعظم نے 55 سکور کی اننگز کھیلی، نیتھن لیون نے 5 اور پیٹ کمنز نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
دوسری طرف مہمان ٹیم نے اپنی پہلی اننگز میں 391 رنز بنائے تھے، عثمان خواجہ نے سب سے زیادہ 91 رنز بنائے تھے جبکہ کیمرون گرین نے 79 رنز کی اننگز کھیلی، نسیم شاہ اور شاہین شاہ آفریدی نے 4،4 کھلاڑیوں کا شکا ر کیا تھا۔