تازہ تر ین

محب وطن پاکستانی ہوں، آئین کے مطابق رولنگ دی، قاسم سوری

ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری نے کہا ہے کہ وہ ایک محب وطن پاکستانی ہیں اور انہوں نے آئین کے مطابق رولنگ دیتے ہوئے تحریک عدم اعتماد کو مسترد کیا تھا۔

اجلاس سے قبل قومی اسمبلی کی راہداری میں میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے قاسم سوری کا کہنا تھا کہ اپوزیشن ان کے خلاف تیسری بار تحریک عدم اعتماد لائی ہے، پچھلے دو بار واپس لے لی گئی تھی۔

انہوں نے کہا کہ وہ تحریک عدم اعتماد کا مقابلہ کریں گے۔

تحریک عدم اعتماد پر 3 اپریل کو دی گئی رولنگ کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ میں محب وطن پاکستانی ہوں اور جو چیزیں میرے سامنے آئی اس کو دیکھتے ہوئے میں نے فیصلہ کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں نے کوئی آئین نہیں توڑا، جو کچھ کیا ہے آئین کے مطابق کیا ہے۔

خیال رہے 3 اپریل 2022 کو وزیر اعظم کے خلاف اپوزیشن کی تحریک عدم اعتماد سے متعلق قومی اسمبلی کے اجلاس میں ڈپٹی اسپیکر نے تحریک کو آئین و قانون کے منافی اور بین الاقوامی سازش قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا تھا۔

ڈپٹی اسپیکر نے اراکین قومی اسمبلی سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا تھا کہ وزیراعظم پاکستان کے خلاف اپوزیشن نے تحریک عدم اعتماد 8 مارچ 2022 کو پیش کی تھی، عدم اعتماد کی تحریک کا آئین، قانون اور رولز کے مطابق ہونا ضروری ہے۔

انہوں نے کہا تھا کہ کسی غیر ملکی طاقت کو یہ حق نہیں کہ وہ سازش کے تحت پاکستان کی منتخب حکومت کو گرائے، وزیر قانون نے جو نکات اٹھائے ہیں وہ درست ہیں لہٰذا میں رولنگ دیتا ہوں کہ عدم اعتماد کی قرارداد آئین، قومی خود مختاری اور آزادی کے منافی ہے۔


اہم خبریں





دلچسپ و عجیب
   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2021 All Rights Reserved Dailykhabrain