اسلام آباد: (ویب ڈیسک) آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی دو سفارشات منظوری کے لیے وزیراعظم کو ارسال کردی ہیں، جس میں پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 21 روپے تیس پیسے جبکہ جی ایس ٹی اور لیوی کے ساتھ فی لیٹر قیمت میں 83 روپے 50 پیسے اضافے کی سفارش کی گئی ہے۔
اوگرا نے پیٹرولیم لیوی اور جی ایس ٹی کی کم سے کم اور زیادہ زیادہ شرح کی بنیاد پر دو سفارشات تیار کی ہیں، جس میں سے پہلی میں ٹیکسز کی موجودہ شرح کے مطابق ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 51 روپے 32 پیسے اضافے کی تجویز دی گئی ہے۔
اوگرا کی پہلی سفارش میں پیٹرولیم لیوی ،جی ایس ٹی کی موجودہ شرح کے مطابق پٹرول کی قیمت میں 21 روپے 30 پیسے فی لیٹر جبکہ مٹی کے تیل کی قیمت میں 36 روپے 5 پیسے فی لیٹر اضافے کی تجویز کی گئی ہے۔
اسی طرح اوگرا نے لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 38 روپے 89 پیسے فی لیٹر، پٹرول اور ڈیزل پر لیوی 30 روپے اور جی ایس ٹی 17 فیصد بڑھانے کی تجویز کی گئی ہے جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 119 روپے فی لیٹر بڑھانے کی سفارش کی گئی ہے۔
اوگرا نے دوسری ورکنگ میں پٹرول کی قیمت میں 83 روپے 50 روپے فی لیٹر، مٹی کے تیل کی قیمت میں 77 روپے 56 پیسے اضافے اور لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 77 روپے 31 پیسے اضافے کی تجویز کی گئی ہے۔
پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی حتمی منظوری وزیراعظم شہباز شریف دیں گے جس کے بعد نئی قیمتوں کا اطلاق سولہ اپریل کی رات 12 بجے سے ہوگا۔