لاہور: (ویب ڈیسک) سابق وزیر داخلہ شیخ رشید نے اپنے بھتیجے راشد شفیق کی گرفتاری پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ نااہل حکومت نے انتقامی کارروائیاں شروع کر دی ہیں۔ دوسری طرف فیصل آباد میں شہری کی درخواست پر سابق وزیراعظم عمران خان سمیت ایک سو پچاس افراد پر مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
ایم این اے راشد شفیق کو سعودی عرب سے اسلام آباد پہنچنے پر ایف آئی اے نے حراست میں میں لے لیا۔ معاملے پر سابق وزیرداخلہ شیخ رشید نے دنیا نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ نااہل حکومت انتقامی کارروائیوں پر اتر آئی ہے ، گھبرانے والے نہیں۔
دوسری طرف فیصل آباد میں مسجد نبوی ﷺ میں نعرے بازی کرنے پر 150افراد کیخلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے ، تھانہ مدینہ ٹاؤن میں درج کئے گئے مقدمے میں سابق وزیراعظم عمران خان، فواد چودھری، شیخ رشید، شہباز گل، قاسم سوری، راشد شفیق، انیل مسرت کو بھی نامزد کیا گیا ہے۔
ایف آئی آر کے متن کے مطابق مسجدنبوی ﷺمیں پاکستانی زائرین کوہراساں کر کے شعاراسلام کی انجام دہی سے زبردستی روکا گیا، سارا واقعہ سوچی سمجھی سازش کے تحت کیا گیا، شیخ راشد کی قیادت میں 150 افراد کو سعودی عرب بھجوایا گیا۔