اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے کہا ہے کہ سوشل میڈیا پر ملک دشمن نظریات کا مقابلہ مضبوط بیانیے سے ہو سکتا ہے۔
انہوں نے یہ بات سی پیک سے متعلق اعلیٰ سطحی اجلاس سے صدارتی خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے نمائندگان سمیت دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی سیکریٹری جنرل احسن اقبال نے سی پیک سے متعلقہ منصوبوں کی سیکیورٹی بڑھانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ سی پیک منصوبوں پرکام کرنے والے چینی باشندوں کی حفاظت کو یقینی بنائیں۔
وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی نے کہا کہ آج دنیا میں غیر روایتی ہتھکنڈوں کی جنگ ہے، ہر ماہ سی پیک سیکیورٹی کے ورکنگ گروپ کے اجلاس کو یقینی بنایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ سانحہ کراچی یونیورسٹی پرتشویش ہے، سی پیک کو قومی معیشت میں کلیدی اہمیت حاصل ہے،
سوشل میڈیا پرملک دشمن نظریات کا مقابلہ مضبوط متبادل بیانیے سے ہو سکتا ہے۔
وفاقی وزیراحسن اقبال نے صدارتی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قومی بیانیے کی ترویج کے حوالے سے وزارت اطلاعات کا کردار بہت اہم ہے، ریاست کی طرف سے مؤثر بیانیہ تشکیل دینے کی ضرورت ہے۔