لاہور: (ویب ڈیسک) سابق وزیر داخلہ شیخ رشید نے پی ٹی آئی کی جانب سے جلد لانگ مارچ کے اعلان کا عندیہ دے دیا۔
سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ کل فیصل آباد اور 20 مئی کو ملتان کا جلسہ بھی نہ کرنے دیا گیا تو لانگ مارچ کا اعلان کیا جا سکتا ہے۔
انکا کہنا ہے کہ موجودہ حکومت فاشسٹ ہے ،یہ ڈکٹیٹر حکومت سے بھی زیادہ بڑھ گئی ہے۔لانگ مارچ کی طرف لوگ جارہے ہیں ،اعلان جلد ہوسکتاہے۔طاقت کا استعمال کیاگیا تو پی ٹی آئی اور بھی اٹھے گی۔
انہوں نے کہاہے کہ 17سے 18مئی تک پی ٹی آئی گرفتاریاں شروع کردی جائیں گی۔حکومت ملک میں حالات خراب کرنا چاہتی ہے۔ یہ حکومت بےنقاب ہونےجارہی ہے اس لیے انارکی کی طرف بڑھ رہی ہے۔
انہوں نے کہاہے کہ ملک انتشار کی طرف بڑھ رہاہے ۔پاکستان نادہندہ ہونے کی طرف جارہاہے۔ ملک کوخانہ جنگی کی طرف دھکیلا جارہاہے۔آئندہ آنے والے 15 دن سیاست میں بہت اہم ہیں۔جولوگ اداروں کو کمزور اوربےخبرسمجھتے ہیں وہ عقل کےاندھے ہیں۔
انکا کہنا ہے کہ عمران خان کے لیے جو سازش کی گئی اور گڑھابنایا گیا اپوزیشن اس میں خود گرگئی۔آصف زرداری نے ن لیگ سے پرانا قرض بمعہ سود واپس لےلیا۔
انہوں نے کہا ہے کہ ان سے حکومت نہیں چل رہی،یہ حکومت 2ووٹوں کی ہے۔چار دن کی لندن یاترا ن لیگ سے مزید غلط فیصلے کرائے گی۔ لندن یاترا ن لیگ کو مزید پھسائے گی اور ملک کو ڈیفالٹ کرائے گی۔یہ رہے تو ڈالر 200پر جائے گا۔
انہوں نے کہا ہے کہ منی لانڈرنگ کیس میں شہبازاور حمزہ پر فردجرم آج عائد ہونی تھی۔ منی لانڈرنگ کیس کی سماعت کو طاقت اور بہانے کےزورپر ملتوی کیا جارہاہے۔
انکا کہنا ہے کہ ڈی جی ایف آئی اے ثنااللہ عباسی کو ہٹادیا گیا۔ ڈی جی ایف آئی اے ثنااللہ عباسی نے منی لانڈرنگ کیس واپس لینے سے انکار کر دیا تھا۔جس نیب کے قانون کی زد میں اپوزیشن لیڈر آتے ہیں، اسے ختم کیا جا رہا ہے۔