ملتان: (ویب ڈیسک) سابق وزیر خارجہ اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ہمیں معلوم ہے عمران خان ہمت ہارنے والے نہیں ہیں۔
پی ٹی آئی رہنما شاہ محمود قریشی نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ جہانگیر ترین، علیم خان اور حواریوں نے ہمیشہ لوٹوں کے بل بوتے پر سیاست کی، میں نے ہمیشہ کہا نوٹوں والے اور، ووٹوں والے اور ہوتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ نوٹوں کے زور پر سیاست کرنے والے ن لیگ کے ٹکٹ پر الیکشن لڑ رہے ہیں اور ووٹوں کے زور پر سیاست کرنے والے عمران خان کے ساتھ ہیں۔
حکومت پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت چلانا امپورٹڈ حکمرانوں کے بس کی بات نہیں ہے اور حکومت کے پاس ملک چلانے کا منصوبہ ہے نہ ہی ان میں اہلیت، موجودہ حکومت 13 جماعتوں پر مشتمل چوں چوں کا مربہ ہے۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ان جماعتوں کا نہ نظریہ ایک ہے اور نہ راستہ ایک ہے۔ عمران خان کو اندرونی وبیرونی سازش کے تحت اقتدار سے الگ کیا گیا لیکن ہمیں معلوم ہے کہ عمران خان ہمت ہارنے والے نہیں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اپوزیشن لیڈر پاکٹ اپوزیشن لیڈر ہے اور میں نے پہلی دفعہ میڈیا پر دیکھا کہ اپوزیشن لیڈر وزیر اعظم کی تقریر پر ڈیسک بجا رہا ہے۔ اب ذاتیات اور شخصیات کا مقابلہ نہیں بلکہ نظریات کی جنگ ہے۔،
سابق وزیر خارجہ نے کہا کہ ایک طرف عمران خان کا نظریہ اور دوسری طرف چوں چوں کا مربہ ہے۔ میں ہر حلقے میں عمران خان کے نظریہ کو لے کر جاؤں گا۔