اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیراطلاعات مریم اورنگزیب نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید اضافے کے حوالے سے چلنے والی خبروں کو بے بنیاد قرار دے دیا۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی قیاس آرائیاں قطعی جھوٹ ہیں۔حکومت نے پٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں مزید اضافے کا کوئی فیصلہ نہیں کیا۔ عوام اور میڈیا سے درخواست ہے کہ افواہوں پرکان نہ دھریں۔ملک میں پٹرولیم مصنوعات کی کوئی قلت نہیں۔ افواہیں پھیلانے سے اجتناب کریں۔
خیال رہے کہ اس سے پہلے یہ خبریں سامنے آرہی تھیں کہ وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے ایک کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پٹرول ابھی مزید مہنگا ہوگا تاہم مفتاح اسماعیل بھی ان خبروں کی تردید کرچکے ہیں۔