اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ ہم نے سیاست کے بجائے ملک و معیشت کو ترجیح دی۔
وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کابینہ اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم نے فیٹف (ایف اے ٹی ایف) کے حوالے سے کابینہ کو اعتماد میں لیا جبکہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو اور وزیر مملکت حنا ربانی کھر نے کابینہ کو بریفنگ دی۔
انہوں نے کہا کہ حکومت ملک کو ایف اے ٹی ایف گرے لسٹ سے نکالنے کے لیے بھرپور کوشش کر رہی ہے اور امید ہے پاکستان کا گرے لسٹ سے وائٹ لسٹ میں جانے کا راستہ کلیئر ہو جائے گا۔
احسن اقبال نے کہا کہ کابینہ میں کسانوں کے لیے یوریا کی دستیابی کو بھی یقینی بنانے کی بات ہوئی ہے اور کابینہ نے ٹریڈ آرگنائزیشن ایکٹ کی نظر ثانی کے لیے کمیٹی بنائی ہے۔ دنیا میں تمام سپلائی چین یوکرین وار کی وجہ سے بحران کا شکار ہے اور پاکستان ہی نہیں دنیا کے ہر ملک کو مشکلات کا سامنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کابینہ نے جی ایس پی پلس معاہدے کی صورت حال کا بھی جائزہ لیا ہے اور وزارت تجارت نے جی ایس پی پلس سے متعلق بریفنگ بھی دی۔ جی ایس پی پلس پاکستان اور ای یو کے درمیان تجارت کے فروغ کے لیے اہم ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ دیگر ادویات کی قیمتیں کم کرنے کی سفارشات بھی لائی جائیں گی اور وزیر اعظم نے وزارتوں کو جی ایس پی پلس معاہدے مکمل کرنے کے لیے کام کرنے کی ہدایت کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزارت خزانہ نے کابینہ کو آئی ایم ایف کے ساتھ مذاکرات سے متعلق بھی بریفنگ دی جبکہ سابق حکومت نے پاکستان کی بین الاقوامی ساکھ کو بہت نقصان پہنچایا۔ ہم نے سیاست کے بجائے ملک اور معیشت کو ترجیح دی۔
احسن اقبال نے کہا کہ کسی سیاسی حکومت کے لیے تیل کی قیمت میں اضافہ کرنے کا فیصلہ آسان نہیں ہوتا اور وزارت صحت کی سفارش پر کورونا کے انجکیشن کی قیمت کم کرنے کی منظوری بھی دی ہے۔