مری: (ویب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے مری ایکسپریس وے کے ہر 15 کلومیٹر پر پکنک پوائنٹس بنانے کی ہدایت کر دی۔
وزیر اعظم شہباز شریف کو دورہ مری کے موقع پر این ایچ اے حکام کی جانب سے بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر شہباز شریف نے کہا کہ ہر روز ایکسپریس وے پر کوئی نہ کوئی دیوار گری ہوئی ہوتی ہے۔ چینی ماہرین نے ہزارہ موٹروے بنائی ہے اور ہزارہ موٹروے کی کوالٹی لائق تحسین ہے۔ جنہوں نے ہزارہ موٹروے پر کام کیا ان سے رہنمائی لی جائے۔
وزیر اعظم نے مری ایکسپریس وے کی مرمت کے لیے ضرورت اقدامات کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ کیا حال کر دیا آپ نے مری کا یہ ہے نیا پاکستان ؟ مری ایکسپریس وے پر سیاحوں کے لیے ہر 15 کلو میٹر پر پکنک پوائنٹس بنائے جائیں۔
انہوں نے کہا کہ مری ایکسپریس وے کے لیے بھی چینی ماہرین کی خدمات سے استفادہ لیا جائے۔ اس روڈ پر ملک کا پیسہ اور وقت کا ضیاع ہو چکا ہے۔ مری ایکسپریس وے کی بہتری کے لیے کنسلٹنٹ رکھا جائے۔
شہباز شریف نے کہا کہ مری میں غیر قانونی تعمیرات کا سروے کر کے رپورٹ مرتب کی جائے اور نیو مری میں بھی تعمیرات کا جائزہ لیں۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے شاہد خاقان عباسی کو مری میں تعمیرات کے سروے کی نگرانی کی ہدایت کر دی۔
شہباز شریف نے کہا کہ حکومت سکھر حیدر آباد موٹروے بنانے کے لیے پُرعزم ہے۔