جرمنی : (ویب ڈیسک) مرسیڈیز کی الیکٹرک گاڑی نے ایک چارج پر 1200 کلو میٹر طے کرکے اپنا ہی ریکارڈ توڑ دیا۔
ویژن ای کیو ایکس ایکس نے جرمنی کے شہر اسٹٹ گاٹ سے برطانیہ کے شہر سِلوراسٹون تک کا سفر ریکارڈ 15 گھنٹے سے کم وقت میں طے کیا۔ برقی گاڑی نے یہ کارنامہ 100 کلو واٹ آور کی بیٹری کے ساتھ انجام دیا۔
یہ بیٹری پیک ٹیسلا کے ماڈل ایس میں بھی استعمال کی گئی ہے۔ مرسیڈیز کی کار نے ٹیسلا کی نسبت دُگنا فاصلہ جدید ایرو ڈائنامکس اور بیٹری میں جدت کی وجہ سے طے کیا۔ ویژن ای کیو ایکس ایکس نے ایک ماہ قبل جرمنی سے جنوبی فرانس تک بغیر ری چارج کے 1000 کلومیٹر کا فاصلہ طے کیا تھا۔
یاد رہے مرسیڈز بینز نے 2030 تک اپنی تمام گاڑیاں برقی ٹیکنالوجی پر منتقل کرنے کا اعلان کیا ہے۔ جبکہ آئل کمپنی ایکسون کے سی ای او کے مطابق 2040 تک فروخت ہونے والی تمام مسافر گاڑیوں کا برقی ٹیکنالوجی پر منتقل ہوجانا متوقع ہے۔