لاہور: (ویب ڈیسک) اداکار فیروز خان نے وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافے سے متعلق دیے گئے بیان پر شدید برہمی کا اظہار کیا ہے۔
فیروز خان نے انسٹاگرام اسٹوری پر پوسٹ شیئر کی جو مفتاح اسماعیل کے پیٹرول کی قیمتوں میں حالیہ اضافے پر طنزیہ تبصرے سے متعلق ہے۔
مفتاح اسماعیل نے اپنے ایک بیان میں مزاحیہ انداز میں کہا تھا کہ ‘جب بھی میں ٹیلی ویژن پر نظر آتا ہوں تو لوگ پیٹرول پمپس کی طرف بھاگنا شروع کردیتے ہیں’۔
اس بیان پر فیروز خان نے برہمی والے انداز میں لکھا کہ ‘انہیں یہ بات مضحکہ خیز لگتی ہے’۔
اداکار نے مزید لکھا کہ ‘مجھے یقین ہے کہ مفتاح اسماعیل کی فیملی میں سے ان کا کوئی عزیز میری یہ بات ان تک ضرور پہنچائےگا کہ جہنم میں بھاگنے کے لیے کوئی جگہ نہیں ہوگی’۔
واضح رہےکہ اس وقت ملک میں پیٹرول کی نئی قیمت 248 روپے 74 پیسے فی لیٹر، ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 276 روپے 54 پیسے فی لیٹر، مٹی کے تیل کی نئی قیمت 230 روپے 26 پیسے فی لیٹر اور لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت 226 روپے 15 پیسے فی لیٹر ہے۔