لاہور: (ویب ڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب کے انتخاب کے حوالے سے مسلم لیگ ن نے حکمت عملی مرتب کر لی، مسلم لیگ ن، پیپلزپارٹی و اتحادی ارکان اسمبلی 22 جولائی تک ائیرپورٹ کے قریب نجی ہوٹل میں قیام کریں گے۔
پارٹی ذرائع کے مطابق 22 جولائی تک وزیراعلیٰ کے انتخاب کے دن تمام ارکان اسمبلی حمزہ شہبازشریف کی قیادت میں ہوٹل سے پنجاب اسمبلی اجلاس جائیں گے، حمزہ شہباز ہوٹل میں حکومتی اتحاد کی پارلیمانی پارٹی کے مشترکہ اجلاس سے خطاب بھی کرینگے۔
مسلم لیگ ن کے اراکین پنجاب اسمبلی ایئرپورٹ کے قریب واقع نجی ہوٹل پہنچنا شروع ہو چکے ہیں، 22 جولائی کو قائد ایوان کے انتخاب کے موقع پر پنجاب اسمبلی میں ہنگامہ آرائی ہونے کا بھی خدشہ ہے، لیگی اراکین ٹولیوں کی صورت میں ایوان میں داخل ہوں گے۔
ذرائع کے مطابق لیگی اراکین نعرہ بازی کر کے ماحول کو گرم رکھیں گے، ڈپٹی سپیکر لیگی اراکین کو تحفظ فراہم کرینگے، موجودہ اپوزیشن اتحاد کے اراکین کو پنجاب اسمبلی کے احاطے میں موجود ہونے کے باوجود ایوان یا ہال کے اندر پہنچنے سے روکنے کی کوشش بھی کی جائے گی۔
قائد ایوان کے انتخاب کے لئے رن آف الیکشن ہونا ہے جس کے لئے صرف ایوان کے اندر موجود اراکین کی اکثریت درکار ہوتی ہے، مسلم لیگ ن چوہدری پرویز الہی کے بطور قائد ایوان انتخاب میں ہر ممکنہ رکاوٹ پیدا کرنے کی کوشش کرے گی۔






































