لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنماحمزہ شہباز کے وزیراعلیٰ برقرار رہنے پر پنجاب کے مختلف شہروں میں کارکنوں نے جشن منایا۔
رپورٹس کے مطابق ملتان،کمالیہ،حافظ آباد،سیالکوٹ،شکرگڑھ، رحیم یارخان میں ن لیگ کےکارکنوں نے سڑکوں پرنکل کر حمزہ شہباز کی کامیابی پرجشن مناتے ہوئے بھنگڑے بھی ڈالے۔
اس کے علاوہ حمزہ شہباز کے دوبارہ وزیراعلیٰ پنجاب منتخب ہونے پر پیپلز پارٹی کی جانب سے حیدرآباد کے علاقے حیدر چوک پر جشن منایا گیا۔
واضح رہے کہ ن لیگ کے امیدوار حمزہ شہباز دوبارہ وزیراعلیٰ پنجاب منتخب ہوئے جبکہ پرویز الہیٰ کو پھر شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
گزشتہ روزپنجاب اسمبلی میں وزیراعلیٰ پنجاب کے انتخاب کیلئے ووٹنگ ہوئی جس میں حمزہ شہباز نے اکثریت کی حمایت حاصل کرلی۔
وزیراعلیٰ پنجاب کے انتخاب کیلئے پنجاب اسمبلی کا اجلاس تقریباً پونے تین گھنٹے کی تاخیر سے شام 7 بجے شروع ہوا جس کے بعد ڈپٹی اسپیکر دوست محمد مزاری نے ووٹنگ کا عمل شروع کرایا۔
ووٹنگ کے نتیجے کے مطابق پی ٹی آئی کے امیدوار پرویز الہیٰ نے 186 ووٹ لیے جبکہ مسلم لیگ ن کے حمزہ شہباز نے 179 ووٹ لیے۔تاہم ووٹنگ کا عمل مکمل ہونے کے بعد ڈپٹی اسپیکر دوست مزاری نے ق لیگ کے سربراہ چوہدری شجاعت کے خط کو پڑھ کر سنایا جس میں انہوں نے ق لیگ کے ارکان کو حمزہ شہباز کو ووٹ ڈالنے کی ہدایت کی تھی۔
ڈپٹی اسپیکر نے کہا کہ اس خط کے مطابق سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں جتنے بھی ووٹ ق لیگ کے کاسٹ ہوئے ہیں وہ مسترد ہوتے ہیں اور میں اس بات کا اعلان کرتا ہوں کہ 10 ووٹ ختم ہونے کے بعد حمزہ شہباز وزیراعلیٰ پنجاب منتخب ہوگئے ہیں۔