تازہ تر ین

شعیب اختر کی زندگی پر ‘راولپنڈی ایکسپریس’ نامی فلم بنائے جانے کی تصدیق

لاہور: (ویب ڈیسک) قومی ٹیم کے سابق فاسٹ باؤلر شعیب اختر نے اپنی زندگی پر ‘راولپنڈی ایکسپریس’ نامی فلم بنائے جانے کی تصدیق کردی۔
راولپنڈی ایکسپریس پاکستان سمیت دنیا بھر میں یکساں مقبول رہے، اس لیے اب ان کی زندگی پر راولپنڈی ایکسپریس نامی انٹرنیشنل فلم بنائی جا رہی ہے، جو ملک کے کسی بھی کرکٹر پر بنائی جانے والی پہلی عالمی فلم ہوگی۔
شعیب اختر نے سوشل میڈیا پوسٹس میں تصدیق کی کہ میری زندگی پر راولپنڈی ایکسپریس نامی فلم بنائی جا رہی ہے، جس میں میری زندگی کے وہ پہلو بھی شامل ہوں گے جو اب تک کسی کے سامنے نہیں آئے۔
انہوں نے سوشل میڈیا پوسٹس میں فلم کا موشن پوسٹر شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ ان کی فلم کو کیو فلم پروڈکشن تیار کر رہا ہے اور اس کی ہدایات ایم فراز قیصر دے رہے ہیں۔ راولپنڈی ایکسپریس میں وہ باتیں اور انکشافات شامل ہوں گے جو آج تک راز بنے ہوئے ہیں۔
کرکٹر نے لکھا کہ بہت سارے لوگ یہ دعویٰ کرتے ہیں کہ وہ ان سے متعلق ہر چیز جانتے ہیں مگر ایسا نہیں اور اب ان کی زندگی پر بننے والی بائیوگرافی فلم میں سب راز سامنے آجائیں گے۔
امکان ہے کہ فلم میں شعیب اختر کے تمام تنازعات اور اسکینڈلز کو دکھایا جائے گا، جس کی وجہ سے فلم میں کئی نامور کرداروں کو شامل کیے جانے کا امکان ہے۔ راولپنڈی ایکسپریس کو آئندہ سال تک ریلیز کردیا جائے گا اور ممکنہ طور پر اس میں شعیب اختر سمیت کچھ نامور کھلاڑیوں کو حقیقی طور پر بھی دکھایا جائے گا، تاہم اس حوالے سے کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے۔
واضح رہے کہ شعیب اختر نے دسمبر 1997 میں ویسٹ انڈیز کے خلاف کھیل سے کیریئر کا آغاز کیا تھا، انہوں نے 46 ٹیسٹ میچ کھیلے، جس میں انہوں نے مجموعی طور پر 178 وکٹیں حاصل کیں۔ انہوں نے 163 ون ڈے میچز میں 247 جب کہ 15 ٹی ٹوئنٹی میچز میں 19 وکٹیں حاصل کیں، انہوں نے مارچ 2011 میں ریٹائرمنٹ لی تھی، کیریئر کو الوداع کہنے سے قبل وہ کافی عرصے تک فٹنیس کے مسائل سے دوچار رہے تھے۔
انہیں دنیا کے فاسٹ ترین باؤلر کا اعزاز بھی حاصل ہے، کہا جاتا ہے باؤلنگ کی رفتار 100 میل فی گھنٹہ کے برابر ہوتی تھی، اپنے کیریئر میں وہ کئی تنازعات، اسکینڈلز اور مسائل سے دوچار رہے جب کہ کیریئر ختم ہونے کے بعد بھی وہ اپنے بیانات کی وجہ سے خبروں میں رہتے ہیں۔


اہم خبریں





دلچسپ و عجیب
   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2021 All Rights Reserved Dailykhabrain