گال: (ویب ڈیسک) دوسرے ٹیسٹ کے چوتھے روز کا کھیل خراب روشنی کے باعث جلد ختم کر دیا گیا، پاکستان نے سری لنکا کے خلاف ہدف کے تعاقب میں ایک وکٹ کے نقصان پر 89 رنز بنا لیے۔
اوپنر عبداللہ شفیق 16 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے جبکہ امام الحق 46 رنز اور کپتان بابر اعظم 26 رنز بنا کر وکٹ پر موجود ہیں۔ عبداللہ شفیق کی وکٹ پراباتھ جےسوریا نے حاصل کی۔
میزبان سری لنکا نے دوسرے ٹیسٹ کے چوتھے روز 8 وکٹوں کے نقصان پر 360 رنز بنا کر بیٹنگ ڈیکلیئر کی اور پاکستان کو 508 رنز کا ہدف دیا۔
سری لنکا نے ٹیسٹ کے چوتھے روز 5 وکٹوں کے نقصان پر اپنی بقیہ اننگز 176 رنز پر شروع کی۔ میزبان ٹیم کے کپتان کرونارتنے 61 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ ویلا لیگ 18 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ دھنانجایا ڈی سلوا 109 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے جس کے بعد سری لنکا بیٹنگ ڈیکلیئر کر دی۔
نسیم شاہ اور محمد نواز نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ یاسر شاہ، نعمان علی اور آغا سلمان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔