تازہ تر ین

خیرات کا پیسہ سیاسی مقاصد کیلئے استعمال کیا گیا، مریم اورنگزیب

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ خیرات کا پیسہ سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کیا گیا۔
وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ سیلاب متاثرین کی ہر ممکن مدد کر رہے ہیں اور وزیر اعظم شہباز شریف بھی سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) اور پروونس ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) مسلسل صورتحال سے آگاہ رکھے ہوئے ہیں۔ وزیر اعظم نے گزشتہ روز سیلاب زدہ علاقوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی تھی اور سیلاب متاثرین کے لیے فوری 5 ارب روپے جاری کرنے کی ہدایت کی۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ فوجی افسران کی شہادت کے بعد ایک جماعت نے سوشل میڈیا پر منفی مہم شروع کی جس کی ہم بھرپور مذمت کرتے ہیں۔ ہم اپنے شہید جوانوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان غیر ملکی ایجنٹ ثابت ہو چکے ہیں اور الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کو فارن ایڈڈ پارٹی ڈیکلیئر کیا۔ الیکشن کمیشن کا فیصلہ 8 سال کی تحقیقات کے بعد آیا اور یہ ٹیکنیکل نہیں بلکہ فارن فنڈنگ کا معاملہ ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ عمران خان نے اپنے اختیارات کاغلط استعمال کیا اور خیرات کا پیسہ آپ نے سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کیا۔ آئین کےتحت کوئی بھی سیاسی جماعت فارن فنڈنگ نہیں لے سکتی۔ دوسروں کو چور کہو اور اپنے اوپر معاملہ آیا تو کہا کہ ٹیکنیکل ایشو ہے۔
انہوں نے کہا کہ 2014 میں اکبر ایس بابر نے یہ پٹیشن دائر کی اور آپ بار بار اس کیس میں التوا لیتے رہے۔ آپ نے اپنا اکاؤنٹ ظاہر نہیں کیا کیونکہ پیسہ چوری کا تھا اور عمران خان نے جعلی دستاویزات جمع کرائے۔ آپ نے سپریم کورٹ پر حملہ کیا، سی پیک کو روکنے کی کوشش کی۔
چیئرمین پی ٹی آئی کو مخاطب کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ آپ نے ملک کو جلانے اور سول نافرمانی کی تحریک شروع کرنے کا بھی اعلان کیا۔ کیا وجہ تھی کہ آپ نے سی پیک کو روکا اور کشمیر کا سودا کیا ؟ آپ نے عدم استحکام پیدا کر کے ملک کو نقصان پہنچایا اور آپ نے سفارتی سطح پر پاکستان کو تنہا کیا۔
انہوں نے کہا کہ نوازشریف ملک کو ترقی کی طرف لے کر جا رہا تھا۔ فارن فنڈنگ کی وجہ سے ہی آپ نے دھرنا دیا تھا اور آپ یہ نہیں کہہ سکتے کہ ووٹن کرکٹ کلب اور رومیتا سیٹھی سے پیسے نہیں لیے کیونکہ اکاؤنٹس سامنے آچکے ہیں اور آپ مجرم ثابت ہو چکے ہیں۔ آپ نے ملکی ترقی کے خلاف سازش کی۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ نواز شریف کو بیٹے سے تنخواہ نہ لینے پر نا اہل کیا گیا اور آپ نے 8 سال الیکشن کمیشن میں جواب نہیں دیا۔ آپ نے طاہر اقبال، محمد رفیق سمیت 4 ملازمین کے نام پر پیسہ منگوایا۔ عمران خان اوورسیز پاکستانیوں کو اپنے مفاد کے لیے سیاست میں مت گھسیٹیں۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کے خلاف چوری ثابت ہوگئی ہے لیکن الزام شہباز شریف پر لگاتے ہیں۔


اہم خبریں





دلچسپ و عجیب
   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2021 All Rights Reserved Dailykhabrain