گجرات: (ویب ڈیسک) وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ گجرات کل بھی عمران خان کا تھا، آج بھی ہے اور کل بھی رہے گا، عمران خان کو مائنس کرنے والے خود مائنس ہو چکے ہیں۔
چودھری پرویز الٰہی اور سابق وفاقی وزیر مونس الٰہی نے ظہور الٰہی سٹیڈیم کا دورہ کیا، چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے کل کے جلسے کے انتظامات کا جائزہ لیا، صوبائی وزیر داخلہ ہاشم ڈوگر، ایم این اے حسین الٰہی اور موسیٰ الٰہی بھی اس موقع پر موجود تھے، چودھری پرویز الٰہی اور مونس الٰہی نے جلسے کے لئے بہترین انتظامات کی ہدایت کی-
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ کل کا جلسہ گجرات کی تاریخ کا سب سے بڑا جلسہ ہو گا، گجرات کے لوگوں کا جوش و خروش دیکھ کر دل خوش ہو گیا ہے، کل کا جلسہ نئی تاریخ رقم کرے گا، عمران خان کو مائنس کرنے والے خود مائنس ہو چکے ہیں،عمران خان کے بغیر پاکستانی کی سیاست نامکمل ہے۔
سابق وفاقی وزیر مونس الٰہی نے کہا کہ عمران خان کے ساتھ ہیں اور ساتھ رہیں گے، گجرات کے لوگ عمران خان سے والہانہ محبت کرتے ہیں۔