شارجہ: (ویب ڈیسک) ایشیا کپ ٹی20 کے آخری گروپ میچ میں ہانگ کانگ نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ہے۔
شارجہ میں کھیلےجارہے میچ میں ہانگ کانگ کے کپتان نزاکت خان نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دے دی۔
ٹاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم نے کہا کہ وہ ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ ہی کرتے۔ انہوں نے بتایا کہ اس میچ کے لیے ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔
ان کا کہنا تھا کہ ہانگ کانگ کی ٹیم کو آسان نہیں لیں گے، بھارت کے خلاف میچ سے بہت کچھ سیکھنے کو ملا۔
یہ میچ دونوں ٹیموں کے لیے ناک آؤٹ ہو گا اور جیتنے والی ٹیم سپر فور مرحلے کے لیے کوالیفائی کرے گی جبکہ ہارنے والی ٹیم کا ایشیا کپ 2022 کا سفر ختم ہو جائے گا۔
پاکستان اور ہانگ کانگ کو اپنے پہلے گروپ میچ میں بھارت کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
دونوں ٹیمیں مجموعی طور پر 3 بار ایک دوسرے کے مدمقابل آئی ہیں جس میں پاکستان نے ہانگ کانگ کو 0-3 سے شکست دے رکھی ہے تاہم یہ تمام میچز ون ڈے فارمیٹ میں کھیلے گئے تھے۔
گزشتہ روز بنگلہ دیش اور سری لنکا کے مابین کھیلے گئے میچ میں سری لنکا نے بنگلہ دیش کو 2 وکٹوں سے شکست دے کر ایشیا کپ سے باہر کر دیا۔
ایشیا کپ میں 3 ٹیمیں دوسرے مرحلے تک رسائی حاصل کر چکی ہیں جن میں بھارت، افغانستان اور سری لنکا شامل ہیں۔