ملتان : (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ مخالفین الیکشن سےبھاگ گئے ہیں، مجھے پورا یقین تھا جلسے دیکھ کران کی کانپیں ٹانگنا شروع ہوگئی تھیں، ضمنی الیکشن میں الیکشن کمیشن، انتظامیہ، مسٹرایکس کی مدد کے باوجود ان کا الیکشن میں صفایا ہو گیا، اب یہ ڈر رہے ہیں اگر اتوار کو الیکشن ہو جاتا تو ان کی تین وکٹیں مزید گر جانی تھیں،میرا چیلنج ہے جب بھی 9 حلقوں میں الیکشن ہو گا، تمام سیٹیں پی ٹی آئی جیتے گی، یہ اپنے امپائر ہونے کے باوجود نہیں جیت سکتے۔یہ ہارنے کے خوف سے وکٹیں اٹھا کر لے گئے ہیں۔
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملتان کے جذبے اورجنون کوسلام پیش کرتا ہوں، خواتین کو بھی سلام پیش کرتا ہوں،مہر بانو قریشی کا مخالف امیدوار پیسے کی پوجا کرتا ہے،کبھی پیسے کی پوجا نہیں کرنی،آجکل میرے ایم پی ایز کو پارٹی چھوڑنے کے لیے دھمکیاں دی جارہی ہیں،اینکرز، صحافیوں کو ڈرایا جا رہا ہے، پیسے کے بت کے علاوہ ایک خوف کا بت بھی ہے،خوف کے بت سے ڈرنے والا کبھی بڑا کام نہیں کر سکتا، ہم نے رحمت اللعامین اتھارٹی بنائی تاکہ بچوں کونبی کی زندگی بارے پتا چلے،مدینہ کی ریاست دنیا کا سب سے بڑا انقلاب تھا۔
سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اللہ ہمیں حکم دیتا ہے کہ اپنے نبی ﷺ کے راستے پر چلو، میری کوشش ہے ہم اپنے نبی ﷺکے راستے پر چلیں، نبی ﷺ کے راستے پر چل کر ہم ایک عظیم قوم بن سکتے ہیں،ہم نے حقیقی آزادی لیکر ملک کو آزاد کرنا ہے،زرداری، نوازشریف ملک کا پیسہ 30 سال سے لوٹ رہے ہیں،یہ وہ لوگ ہے جو بیرونی ملکوں کے حکم پر ہمارے فیصلے کرتے ہیں،یہ امریکی سازش کے تحت اقتدار میں آئے،یہ روس سے سستا تیل نہیں لے سکتے کیونکہ اپنے آقا سے ڈرتے ہیں۔
پی ٹی آئی چیئر مین کا کہنا تھا کہ ہمیں اپنے ملک کواپنے پاؤں پر کھڑا کرنا ہو گا، جب تک اپنے پاؤں پر کھڑے نہیں ہوتے ہرے پاسپورٹ کی عزت نہیں ہو گی، دو ماہ میں پاکستان کی معیشت نیچے جا رہی ہے، بجلی، ڈیزل کی قیمت دُگنا ہو چکی ہے، کسان کا برا حال ہے، ملک میں انڈسٹری بند اور بے روزگاری بڑھ رہی ہے، ہمارے دورمیں ریکارڈ ایکسپورٹ ہو رہی تھی، ہمارے دورمیں چار بڑی فصلوں کی تاریخی پیداوار ہوئی، ہماری حکومت میں کسانوں کو پہلی دفعہ پورا معاوضہ دیا گیا، ہماری حکومت نے ہر خاندان کو 10 لاکھ کی انشورنس دی۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ احساس پروگرام کے تحت سود کے بغیر قرض دے رہے تھے، ہمارے دورمیں ملک ترقی کر رہا تھا تب سازش کے تحت حکومت گرائی گئی، ہم نے ان سے اپنے آپ کو آزاد کرنا ہے، ضمنی الیکشن میں اپنی آنے والی نسل کو بچانے کے لیے ان کو شکست دینی ہے، آج سارا دن عدالت میں گزارا، کیس پر بات نہیں کرونگا، جب تک ملک میں قانون کی بالادستی نہیں ہوگی ملک ترقی نہیں کرسکتا، جب تک عدالتیں انصاف نہیں دیں گی کوئی بھی ملک ترقی نہیں کرسکتا، کفرکا نظام چل سکتا ہے لیکن ناانصافی کا نہیں۔26سال پہلے پارٹی بنائی توانصاف کومنشورمیں شامل کیا، مجھے ابھی بھی مشورے دیئے جارہے ہیں اسمبلی میں چلے جاؤ ان کے ساتھ بیٹھ کرمعاملات طے کرو۔
انہوں نے کہا کہ 2 خاندان 30 سال سے ملک لوٹ رہے ہیں،ہرکسی کے ساتھ بات کو تیار ہوں لیکن چوروں سے کبھی بات نہیں کروں گا، جب کوئی معاشرہ چوری کو برا نہ سمجھے وہ قوم اپنی قبر کھود دیتی ہے، چور نیب کی عدالت میں جاتے ہیں تو اس پر پھول پھینکے جاتے ہیں، اسی لیے اللہ نے امربالمعروف کا حکم دیا ہے برائی کے خلاف جہاد کرو اوراچھائی کا ساتھ دو، قرآن میں کہیں نہیں لکھا بدی کے ساتھ مفاہمت کرو، پاکستان میں چھوٹے چورجیل،بڑے ڈاکووزیربن جاتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم نے پاکستان کے قبضہ گروپوں کا مقابلہ کرنا ہے، یہ دو کرپٹ خاندان اپنے آپ کو قانون سے بالاتر سمجھتے ہیں، ن لیگ نے ڈنڈے لیکر سپریم کورٹ پر حملہ کیا تھا، ایسا پاکستان میں کبھی نہیں ہوا تھا،نوازشریف کی حکومت میں سپریم کورٹ پر حملہ کیا گیا تھا،ڈنڈے لیکر 1997ء میں جسٹس سجاد علی شاہ کی عدالت پر حملہ کیا گیا،سابق چیف جسٹس سجادعلی شاہ جان بچا کرعدالت سے بھاگے،ان لوگوں پراس وقت کوئی ایکشن نہیں لیا گیا،ان چوروں کوہمارے اوپرمسلط کیا گیا،نوازشریف لندن بیٹھا ہے کہتا ہے پہلے کیسزختم پھراین آراولیکرآؤں گا،نوازشریف نے ملک کے اربوں روپے لوٹے،جب تک طاقتور کو قانون کے نیچے نہیں لاتے قوم آزاد نہیں ہوتی،ہرجگہ کمزورآدمی پرظلم ہورہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ چار ماہ میں انہوں نے ہمیں دلدل میں پھنسادیا ہے،ایک کروڑ اوورسیز پاکستانی ہمارا سب سے بڑا اثاثہ ہیں،اوورسیزپاکستانی ہمیں بیرون ملک قرضوں سے آزادی دلا سکتے ہیں، اوورسیز پاکستانی ملک میں انصاف نہ ہونے کی وجہ سے انویسٹمنٹ نہیں کر رہے، اللہ نے مجھے باری دی تو اوورسیزپاکستانیوں کے لیے آسانیاں پیدا کروں گا۔
عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ یہ الیکشن سے بھاگ گئے ہیں،مجھے پورا یقین تھا جلسے دیکھ کران کی کانپیں ٹانگنا شروع ہوگئی تھی،ضمنی الیکشن میں الیکشن کمیشن، انتظامیہ، مسٹرایکس کی مدد کے باوجود ان کا ضمنی الیکشن میں صفایا ہوگیا،اب یہ ڈر رہے ہیں اگر اتوار کو الیکشن ہو جاتا تو ان کی تین وکٹیں مزید گر جانی تھیں،میرا چیلنج ہے جب بھی 9 حلقوں میں الیکشن ہو گا، 9 اور صفرکا نیتجہ آئے گا،یہ اپنے امپائر ہونے کے باوجود نہیں جیت سکتے، بھارت میں ان کے امپائروں کے باوجود ان کو شکست دے کر آیا تھا۔
پی ٹی آئی چیئر مین کا کہنا تھا کہ 17 جولائی کو ہم نے چیف الیکشن کمشنر، انتظامیہ، مسٹرایکس کو بھی ہرایا،جب بھی الیکشن ہونگے سب کو چیلنج ہے جو مرضی کر لو قوم فیصلہ کر بیٹھی ہے، ان کی پوری کوشش ہے کسی طرح مجھے میچ سے نکالا جائے،جب چھوٹے ہوتے تھے جو ٹیم ہاررہی ہوتی تھی وکٹیں اٹھا کر بھاگ جاتی تھی،یہ ہارنے کے خوف سے وکٹیں اٹھاکرلے گئے ہیں۔ والد اگر ن لیگ، پیپلز پارٹی اور ان کے سارے بچے تحریک انصاف کا ساتھ دیتے ہیں،قوم میں آج شعور آ گیا ہے،اب تو بوڑھے بھی فیصلہ کرچکے ان جماعتوں کا ساتھ نہیں دینا،یہ میچ سے بھاگ گئے ہیں جب بھی میدان میں آئیں گے ان کو پھینٹا لگانا ہے،عام انتخابات میں دوتہائی اکثریت دلوانی ہے تاکہ حقیقی آزادی کا انقلاب لاسکیں۔
