لاہور: (ویب ڈیسک) مسلم لیگ ق کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین نے کہاہے کہ سیاست دانوں کو فوج کے معاملات میں دخل اندازی سے گریز کرنا چاہیے۔
چوہدری شجاعت حسین کا کہناہے کہ مناسب ہو یا غیر مناسب سیاستدانوں کو فوج کے معاملات میں دخل اندازی نہیں کرنی چاہئے،سیاستدان فوج کو سیاسی الجھنوں میں ناڈالیں۔
انہوں نے کہا کہ اس سے ہمارے ملکی مفاد کو نقصان پہنچنے کا خطرہ ہوتا ہے،جس کا فائدہ پاکستان کے دشمن عناصر اٹھا سکتے ہیں،اب تو ٹی وی ڈراموں میں فوج کے کمانڈوز کے نام لے کر ڈرامے کیے جا رہے ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ شادیوں میں بھانڈ بھی بیٹھے ہوئے افراد کے سامنے آ کر پتہ کرتے ہیں کہ ان میں فوجی کون ہے،وہ جنرل ہو یا نہ ہو تالیاں بجا کر اشارہ کر کے ایک دوسرے کو کہتے ”بھاگ لگے رہن سانوں وی کجھ دیو“۔
چوہدری شجاعت نے کہا کہ ٹی وی اور اخبارات میں فوجی افسروں کے متعلق برادری ازم کو موضوع بنا کر گفتگو کی جاتی ہے،فوج سمیت کسی بھی طبقے کو تنقید کا نشانہ نہیں بنانا چاہئے، ہم سب سیاستدانوں کو اس روش کو ختم کرنے کا عہد کرنا چاہئے۔