اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے کہا ہے کہ دشمن سے خائف نہیں اور کسی بھی خطرے سے نمٹنے کے لیے تیار ہیں۔
پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے اسکردو میں آپریشنل ایئر بیس کے معائنے کے موقع پر کہا کہ خطے کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر ہمیں کسی بھی بیرونی یا اندرونی سیکیورٹی چیلنج کا جواب دینے کے لیے ہمہ وقت تیار رہنا ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ پاک فضائیہ دشمن کی اسلحہ سازی اور عسکری صلاحیتوں کے ذخیرے سے بالکل بھی خائف نہیں اور پاک فضائیہ افواجِ پاکستان کے شانہ بشانہ مادر وطن کی خودمختاری کو لاحق کسی بھی خطرے کا مقابلہ کرنے کے لیے ہمہ وقت تیار ہے۔
ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے کہا کہ پاک فضائیہ کی جانب سے انفرا اسٹرکچر اور عسکری صلاحیتوں میں اضافہ پاک فضائیہ کی آپریشنل صلاحیتوں کو توسیع دینے اور عسکری حکمت عملی میں اہم سنگِ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ خلائی، الیکٹرانک اور سائبر وار فیئر کے ساتھ ساتھ مخصوص تکنیکی علوم میں ترقی، آرٹیفیشل انٹیلیجنس کے ساتھ مل کر قومی سلامتی کے روایتی ماحول پر بھرپور طریقے سے اثرانداز ہو رہی ہیں۔
ظہیر احمد بابر سدھو نے کہا کہ تمام لاحق خطرات کے پیش نظر، محفوظ ماحول کی فراہمی اور تکنیکی صلاحیتوں کے اس خلا کو پر کرنے کے لیے پاکستان کی مسلح افواج تیز ترین انڈکشن پروگرامز کے ذریعے اپنی موجودہ صلاحیتوں میں جدت طرازی کی کوششوں کو جاری رکھے ہوئے ہیں۔