اسلام آباد: (ویب ڈیسک) چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس عمر عطاء بندیال نے کہا ہے کہ پولیس اور پراسیکیوشن کی ٹریننگ کی ضرورت ہے، ٹریننگ سے مقدمات کو نمٹانے میں تیزی آئے گی۔
عالمی عدالتی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے چیف جسٹس آف پاکستان نے کہا ہے کہ کانفرنس کے کامیاب انعقاد پرمنتظمین کی کاوشیں لائق تحسین ہیں، جوڈیشل کانفرنس میں مندوبین کی شرکت کوسراہتے ہیں، انٹرنیشنل جوڈیشل کانفرنس سے بہت کچھ سیکھنے کوملا، انصاف کے نظام کودرپیش چیلنجزاورحل پربات کی گئی۔
انہوں نے کہا کہ کانفرنس میں دیگر ممالک کے چیف جسٹس اور ججز نے بھی شرکت کی، کانفرنس میں جسٹس سسٹم میں بہتری کی آئیڈیا سامنے آئے، تنازعات کے جلد حل کیلئے الٹرنیٹ ڈیپیوٹ ریزولیشن کے آئیڈیا کو فروغ دینے کی بات ہوئی۔
جسٹس عمر عطاء بندیال نے کہا کہ سپریم کورٹ نے ویڈیو لنک ٹیکنالوجی کی مدد سے ہزاروں مقدمات کا فیصلہ کیا، ویڈیو لنک ٹیکنالوجی کی وجہ سے مقدمے پر اٹھنے والے اخراجات میں کمی آئے، پولیس اور پراسیکیوشن کی ٹریننگ کی ضرورت ہے، پولیس اور پراسیکیوشن کی ٹریننگ سے مقدمات کو نمٹانے میں تیزی آئے گی۔