اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ صدر مملکت نے بھی عمران خان کو جھوٹا قرار دے دیا۔
وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ فارن فنڈڈ فتنہ صبح شام جھوٹ بولتا ہے اور جھوٹ بولنے کا سبق سکھاتا ہے جبکہ صدر پاکستان عارف علوی نے بھی عمران خان کو جھوٹا قرار دے دیا۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان سے ان کا سوال پوچھو تو دوسروں پر چلے جاتے ہیں، جو آپ سے پوچھا جائے جواب بھی وہی آنا چاہیے نا لیکن عمران نیازی کی شخصیت جھوٹ پر مبنی ہے۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان 4 سال تک وزیر اعظم رہے جبکہ عمران خان نے ڈی جی ایف آئی اے کو وزیر اعظم ہاؤس کے باتھ روم میں بند کیا۔ عمران خان اپنی چوری چھپانے کے لیے دوسروں پر چوری کا الزام لگاتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کا وطیرہ ہے کہ اتنا جھوٹ بولو کہ سچ لگنے لگے اور عمران خان اپنا قد بڑھانے کے لیے نواز شریف اور شہباز شریف کا نام لیتا ہے۔ یہ جھوٹا شخص 4 سال تک اقتدار پر قابض رہا ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ کل سے کہہ رہا ہے وزیر اعظم ہاؤس کی آڈیو لیک کے خلاف میں عدالت جا رہا ہوں لیکن عدالت جانے کا کیا مقصد ہے کیونکہ جے آئی ٹی بن چکی ہے اور آپ نے وہاں پیش ہونا ہے۔ عمران خان کی آڈیو میں وہ خود کہہ رہے ہیں کہ سائفر کے ساتھ کھیلنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان نے ملکی مفاد کو داؤ پر لگایا۔ ایون فیلڈ ریفرنس میں نیب ابھی تک کوئی ثبوت پیش نہیں کر سکا اور جب خود وزیر اعظم تھے تو کہتے تھے کہ ریکارڈنگ ہونی چاہئیے۔ عمران خان پاکستان کا پہلا وزیر اعظم ہے جو ریکارڈنگ کو جائز قرار دیتا ہے۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان خود کہہ رہے ہیں کہ میں نے 5 اراکین قومی اسمبلی خرید لیے ہیں لیکن عمران خان نے ہمیشہ جھوٹ کا سہارا لیا ہے۔ عمران خان یہ وقت عدالت جانے کا نہیں بلکہ جیل جانے کا ہے۔ یہ وہی شخص ہے جس نے نیب چیئرمین کو ویڈیو دکھا کر بلیک میل کیا۔
انہوں نے کہا کہ آپ نے سیاسی مخالفین کے خلاف کیسز بنائے اور جیلوں میں ڈالا۔ آج ایون فیلڈ کی ویڈیوز دکھاتے ہیں جو تمہارا خوف ہے اور ہر ثبوت ایک تھپڑ ہے صرف محسوس کرنے کی بات ہے۔ عمران خان ایک ایبسولوٹلی فراڈ شخص ہے۔ فارن فنڈڈ فتنے نے ملک کا آئین توڑا ہوا ہے اس لیے فارن فنڈڈ فتنے کی گمراہی سے بچیں۔ یہ لوگوں کو بیوقوف بناتے ہیں اور بند کمروں میں بیٹھ کر ان پر ہنستے ہیں۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ جب اس کی سازش بے نقاب ہوتی ہے تو اس کا دماغی توازن کھو جاتا ہے۔ خیبر پختونخوا کے پاس تنخواہیں دینے کے لیے پیسے نہیں اور خیبر پختونخوا میں تنخواہیں مانگنے والے سرکاری ملازمین کو یہ پتھر مارتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب کے حالات بھی سب کے سامنے ہیں اور یہ کس اعمال کی بنیاد پر وفاق پر چڑھائی کر رہا ہے۔ اگر سیاسی انتقام مقصد ہوتا تو عمران خان 13 اپریل کو گرفتار ہوتا جبکہ فارن فنڈنگ کیس میں تمام اقدامات قانون کے مطابق اٹھائے جا رہے ہیں۔
