اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیراطلاعات مریم اورنگزیب کا کہنا ہےکہ عمران خان سیاسی الزائمر کے مرض میں مبتلا ہیں، ضمنی الیکشن جیتنے کا یہ مطلب نہیں کہ آپ الرٹس جاری کرکے الیکشن کا مطالبہ کریں۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ اقتدار کی ہوس میں یہ شخص اندھا ہوچکا ہے،4 سال اس ملک پر مسلط رہا، ضمنی الیکشن میں کراچی اور ملتان میں آپ کے خلاف ریفرنڈم آیا، عمران خان نے ملک کو معاشی دیوالیہ، نوجوانوں کو بیروزگار اور کشمیرکا سودا کیا، کرپشن سےاٹی ہوئی فائلیں منہ پر طمانچے ہیں۔
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ آپ ضمنی الیکشن کو ریفرنڈم کہہ رہے ہیں تو ملتان، کراچی میں بھی ریفرنڈم ہوا، 75 سال میں پاکستان کی تاریخ کا سب سے زیادہ قرض عمران خان نے لیا، لوگوں کے ڈرائیور بنے رہے، ٹیکسی ڈرائیور بنے رہے، دوست ممالک کو ناراض کر دیا، کشکول لےکرگئے، جو 4 سال کیا، اس پر انٹرنیشنل ایجنسیوں کو کیوں خط نہیں لکھا۔
وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ ضمنی الیکشن کے بعد حکومت کے پاس 176 ووٹ ہیں، حکومت 6 سیٹوں کے ساتھ یلغارکرنے سے نہیں آئےگی، نوازشریف کو آئین وقانون کے مطابق آرمی چیف کی تعیناتی کا حق تھا، تم جیسا چور کسی قسم کی تعیناتی کرنےکا حقدار نہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اپریل میں ملک ڈیفالٹ ہوچکا تھا، اتحادی حکومت نے ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچایا، فارن فنڈنگ کے عوض تم ملک کاسودا کرچکے تھے، تم نے شہباز شریف کے منصوبوں پر تختی لگانے کے سوا کوئی کام کیا؟ جاوید لطیف کی 90 سال کی والدہ پر کیس بنادیا کہ انھوں نے کرپشن کی ہے، آج تمہاری عزت نفس کو تکلیف ہو رہی ہے ، تمہاری یہ 6 سیٹیں لینے سے حکومت کوکوئی فرق نہیں پڑا، ضمنی الیکشن کے بعد حکومت پارلیمان میں اور مستحکم ہوئی ہے۔
