اسلام آباد: (ویب ڈیسک) سینئر صحافی ارشد شریف کی موت گولیاں لگنے کے بعد دس سے تیس منٹ کے اندر واقع ہوئی۔
ارشد شریف کی پوسٹ مارٹم کی ابتدائی رپورٹ سامنے آگئی، ارشد شریف کی لاش کا اندرونی و بیرونی تفصیلی معائنہ کیا گیا، ارشد شریف کے جسم کے مختلف اعضا کے نمونے لئے گئے۔
سینئر صحافی کے جسم کے نمونے فرانزک لیب بھیجوا دیئے گئے، فرانزک کے بعد پوسٹ مارٹم کی حتمی رپورٹ تیار کی جائے گی، پوسٹ مارٹم کیلئے درخواست مرحوم کی اہلیہ اور پولیس نے دی۔
ابتدائی رپورٹ کے مطابق ارشد شریف کا پوسٹ مارٹم پمز ہسپتال کے 8 رکنی میڈیکل بورڈ نے کیا، ان کے دل گردے پھیپھڑے، معدے اور جسم میں موجود دھات کے ٹکڑوں کے نمونے سائنس لیب بھجوائے گئے، ارشد شریف کی موت سر اور دائیں پھیپھڑے پر گولیاں لگنے سے واقع ہوئی، موت گولیاں لگنے کے بعد دس سے تیس منٹ کے اندر واقع ہوئی۔
ترجمان پمز ہسپتال کے مطابق پوسٹ مارٹم رپورٹ رمنا پولیس کے حوالے کر دی گئی ہے ، پمز آٹھ رکنی بورڈ نے ضروری سمجھا پوسٹ مارٹم میں ریڈیالوجسٹ کی خدمات لی جائیں، ریڈیالوجی کے ماہرین نے سٹی اسکین اور ایکسرے کروایا اور رپورٹ کے ساتھ منسلک کیا، جب تک سیمپلز کی فائنل رپورٹ نہیں آتی تب تک رپورٹ نہیں آئے گی