راولپنڈی: (ویب ڈیسک) سربراہ عوامی مسلم لیگ اور سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ حکومت الیکشن سے فرار ہونے کیلئے مذاکرات کا ڈھونگ رچا رہی ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں شیخ رشید احمد نے لکھا کہ جوحقیقی بااختیارہیں وہ ملک کی بہتری کے لئے الیکشن کروائیں، ایف آئی اے میری گرفتاری کیلئے پنجاب پولیس پر دباؤ ڈال رہی ہے،31 اکتوبر کو میری قبل از گرفتاری ضمانت کی لاہور ہائی کورٹ میں سماعت ہوگی۔
سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ اداروں نے بھی کہا ہے کہ پرامن مارچ کی کوئی پابندی نہیں، 4 نومبر ہم روات سے لانگ مارچ کا اسلام آباد کےلئے تاریخی استقبال کریں گے۔
سربراہ عوامی مسلم لیگ کا مزید کہنا تھا کہ حکومت کا ریڈ زون اسلام آباد کی توسیع کا فیصلہ سیاسی تصادم کو دعوت دینا ہے، ریڈزون کو زیرو پوائنٹ تک توسیع دینا سپریم کورٹ کے لانگ مارچ کی اجازت کی نفی ہے۔