امریکا: بڑی آنکھوں کے باعث مشہور ہونیوالی بلی ایک دن کیلئے میئر بنے گی

مشی گن: (ویب ڈیسک) امریکا میں اپنی بڑی آنکھوں کی وجہ سے مشہور ہونے والی بلی ایک دن کی میئر بنے گی۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایک بلی (جنکس) جو سوشل میڈیا پر اپنی غیرمعمولی بڑی آنکھوں اور پیروں کی وجہ سے مشہور ہوئی وہ اب امریکی ریاست مشی گن کے قصبے ہیل کی ایک دن کیلئے میئر کی ذمہ داریاں سنبھالے گی۔
رپورٹس کے مطابق مشی گن کا یہ قصبہ کس کو بھی 100 ڈالر کے عوض ایک دن کے لیے میئر کے طور پر کام کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے لہٰذاجنکس کو علاقے کا پہلاغیر انسانی میئر بننے کی اجازت دینے پر اتفاق کیا گیا ۔
اطلاعات کے مطابق جنکس کیلیفورنیا میں مالکن میا کے ساتھ رہتی ہے، انسٹاگرام پر اس بلی کا سوشل میڈیا اکاؤنٹ بھی ہے جس پر4 لاکھ سے زائد فالورز بھی ہیں۔
رپورٹس کے مطابق جنکس کی مالکن میا میں نے ٹوئٹر پر ایک مذاق کرتے ہوئے لکھا تھا کہ جنکس صدر کے لیے انتخاب لڑیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ میں نے پہلے جانوروں کو میئر بنتے دیکھا تھا اس لیے میں نے ایک ٹوئٹ کی جس میں نے پوچھا کہ جنکس کو میئر کیسے بنایا جائے اور پھر کسی نے مشی گن کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ آپ ایک دن کے لیے ہیل کے میئر بننے کے لیے ادائیگی کر سکتے ہیں۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق جنکس 24 اپریل کو میئر کے طور پر حلف اٹھائیں گی۔ اور وہ اس دن کے لیے میئر کے طور پر کام کریں گی۔

نوجوان نے ایک ہی فلم کو 292 بار سنیما میں دیکھنے کا ریکارڈ قائم کردیا

نیویارک: (ویب ڈیسک) اکثر افراد فلموں کے کافی شوقین ہوتے ہیں اور ہر فلم کو دیکھنے کیلئے سنیما کا رخ کرتے ہیں ۔
آج ہم آپ کو ایک ایسے نوجوان کے بارے میں بتانے جارہے ہیں جس نے ایک ہی فلم کو ایک دو بار نہیں بلکہ 292 بار سنیما میں دیکھ کر نیا گنیرز ورلڈ ریکارڈ قائم کردیا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی ریاست فلوریڈا سے تعلق رکھنے والے رامیرو الانس نامی نوجوان نے مارول سیریز کی حالیہ ریلیز ہونے والے فلم ‘اسپائیڈرمین، نو وے ہوم’ 292 بار سنیما میں دیکھ کر عالمی ریکارڈ قائم کیا۔
گنیز ورلڈ ریکارڈز کے حکام کے مطابق امریکی نوجوان نے اسپائیڈرمین، نو وے ہوم 16 دسمبر 2021 سے 15 مارچ 2022 کے درمیان 292 بار سنیما میں جاکر دیکھی جبکہ اس دوران ان کے 720 گھنٹوں کا وقت لگا۔
رپورٹس کے مطابق رامیرو مارول سیریز کی فلموں کے اتنی دیوانے ہیں کہ اس سے قبل 2019 میں انہوں نے ‘ایونجرز اینڈ گیمز’ 191 دیکھ کر عالمی ریکارڈ بنایا تھا لیکن ان کا یہ ریکارڈ 2021 میں توڑ دیا گیا تھا۔
گنیز ورلڈ ریکارڈز کے مطابق رامیرو الانس نے تقریباً دن میں 5 بار اسپائیڈرمین، نو وے ہوم دیکھی جبکہ فلم کے ٹکٹوں پر خرچ کی گئی رقم کا صحیح اندازہ نہیں لگایا لیکن ایک خیال کے مطابق انہوں نے یہ ریکارڈ بنانے کیلئے تقریبا3،400 ڈالرز یعنی (6 لاکھ سے زائد پاکستانی روپے سے زائد) خرچ کیے۔
رپورٹس کے مطابق ریکارڈ کی تصدیق کرنے کیلئے فلم کی 292 ٹکٹیں ثبوت کے طور پر فراہم کی گئیں جبکہ سنیما کے حکام سے ایک بیان لیا گیا تاکہ اس بات کی تصدیق کی جا سکے کہ رامیرو پوری فلم کو دیکھ رہا تھا۔

مراسلہ چھپایا گیا پھر شاہ محمود قریشی کو ایک محب وطن افسر نے خفیہ اطلاع دی: شہباز گل

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما ڈاکٹر شہباز گل کا کہنا ہے کہ دھمکی آمیز امریکی مراسلہ اس وقت کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور عمران خان سے چھپایا گیا تھا۔
اپنے ایک ٹویٹ میں شہباز گل نے کہا “مراسلہ شاہ محمود قریشی اور وزیراعظم عمران خان سے چھپایا گیا تھا۔پھر شاہ صاحب کو ایک محب وطن افسر نے خفیہ اطلاع دی۔شاہ صاحب نے مراسلہ حاصل کیا اور وزیراعظم عمران خان تک پہنچایا۔پھر مشورہ دیا گیا ابھی چپ کر جائیں خان صاحب ابھی اس پر بات نہ کریں۔بار بار کہا گیا مراسلے کا ذکر نہ کریں۔

شان مسعودکاؤنٹی چیمپئن شپ میں مسلسل 2 ڈبل سنچریاں بنانیوالے پہلے پاکستانی

لندن: (ویب ڈیسک) پاکستانی ٹیسٹ کرکٹر شان مسعود نے اپنے کاؤنٹی کرکٹ کیریئر میں ایک اور ڈبل سنچری اسکور کردی۔
شان مسعود نے ڈربی شائرکرکٹ کلب کی نمائندگی کرتے ہوئے لیسٹر شائر کے خلاف ڈبل سنچری بنائی جس کے بعد وہ کاؤنٹی چیمپئن شپ میں مسلسل دو اننگز میں 2 ڈبل سنچریاں اسکور کرنے والے پہلے پاکستانی بن گئے۔
پاکستانی اوپنر نے اس سے قبل سسکس کیخلاف 239 رنز کی اننگز کھیلی تھی۔
اس کے علاوہ شان مسعود مسلسل دو فرسٹ کلاس اننگز میں ڈبل سنچریاں اسکور کرنے والے دوسری پاکستانی بھی بن گئے ،اس سے قبل 1977/78 میں حبیب بینک کے ارشد پرویز نے یہ کارنامہ انجام دیا تھا۔

کابینہ نے اپنے آپ کو فائدہ پہنچانے کیلئے ایگزٹ کنٹرول لسٹ کو ختم کردیا، فواد چودھری

اسلام آباد:(ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے ہیڈ آف میڈیا افیئرز فواد چودھری نے کہا ہے کہ آج کابینہ نے اپنے آپ کو فائدہ پہنچانے کے لیے ایگزٹ کنٹرول لسٹ کو ختم کردیا۔
انہوں نے یہ بات سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ’ٹوئٹر‘ پر جاری کردہ اپنے بیان میں کہی ہے۔
فواد چودھری نے کہا کہ گورنرسندھ، اسپیکرقومی اسمبلی سمیت کابینہ کی دوتہائی اکثریت خود ایگزٹ کنٹرول لسٹ پر ہیں۔
فواد چودھری نے کہا کہ کابینہ کے زیادہ تر اراکین قبضہ، منی لانڈرنگ اور دیگر جرائم میں ضمانتوں پر ہیں۔

چوروں کا ’اے ٹی ایم‘ لوٹنے کا انوکھا طریقہ

نئی دہلی: (ویب ڈیسک) بھارتی ریاست مہاراشٹرا میں چوروں نے بینک ’اے ٹی ایم‘ لوٹنے کا نیا طریقہ ڈھونڈ نکالا ہے تاہم انہیں واردات کے دوران ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔
غیرملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق مہاراشٹرا کے پونے شہر میں ملزمان نے بینک کے ’اے ٹی ایم‘ کو دھماکے سے اڑا کر رقم چرانے کی کوشش کی لیکن وہ اپنی اس کوشش میں ناکام رہے اور خالی ہاتھ لوٹ گئے۔
پولیس نے بتایا کہ چوروں نے سوچا تھا کہ اے ٹی ایم کو دھماکے سے اڑانے سے اس میں موجود ’کیش باکس‘ پھٹ کر سامنے آجائے گا لیکن اے ٹی ایم مشین مضبوط ہونے کی وجہ سے ایسا نہیں ہوا۔
مقامی پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان نے اے ٹی ایم کو اڑانے کے لیے دھماکا خیز مواد استعمال کیا جبکہ چوروں کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے اور ان کی گرفتاری کے لیے چھاپے بھی مارے جارہے ہیں، ممکنہ طور پر ملزمان جلد قانون کی گرفت میں ہوں گے۔

عوام کے لئے اچھی خبر، مہنگائی میں مسلسل دوسرے ہفتے بھی کمی ریکارڈ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) عوام کے لئے اچھی خبر، مہنگائی میں مسلسل دوسرے ہفتے بھی کمی ریکارڈ ، شرح ایک اعشاریہ دو آٹھ فیصد کم ہوکر 15 اعشاریہ 42 فیصد پر آگئی۔
وفاقی ادارہ شماریات کے مطابق ایک ہفتے کے دوران 10 اشیاء کی قیمتوں میں کمی ہوئی، ٹماٹر 45 روپے سے زائد، 20 کلو آٹے کا تھیلا 95 روپے 39 پیسے، لہسن 2 روپے 42 پیسے اور ایل پی جی کا گھریلو سلنڈر 5 روپے 46 پیسے سستا ہوا، چینی کی اوسط قیمت میں 71 پیسے فی کلو کی کمی آئی جبکہ 22 اشیاء کی قیمتوں میں استحکام رہا۔
ایک ہفتے کے دوران 19 اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، انڈے 2 روپے 21 پیسے درجن، مٹن 5 روپے 40 پیسے، بیف 2 روپے 51 پیسے اور زندہ مرغی 4 روپے 88 پیسے فی کلو مہنگی ہوئی۔
ادارہ شماریات کے مطابق دال مسور 2 روپے 9 پیسے، دال ماش 2 روپے 4 پیسے اور پیاز 5 روپے 84 پیسے فی کلو مہنگا ہوا، رواں ہفتے تازہ دودھ ، دہی، نمک اور چائے کی قیمت میں بھی اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

فیصل آباد: تھانہ کھرڑیانوالہ میں کار سوار ملزمان کی فائرنگ، 4 افراد جاں بحق

فیصل آباد: (ویب ڈیسک) صوبہ پنجاب کے ضلع فیصل آباد کے علاقے کھرڑیانوالہ میں کار سوار ملزمان کی فائرنگ سے 4 افراد جاں بحق ہوگئے، فائرنگ کرنے والے ملزمان موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے، جبکہ ریجنل پولیس آفیسر نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے رپورٹ طلب کرلی ہے۔
تفصیلات کے مطابق فیصل آباد میں تھانہ کھرڑیانوالہ کے علاقے لاٹھیاں والا کے قریب شکیل نامی شہری اپنے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ پراپرٹی ڈیلر شاپ کے باہر بیٹھے تھے کہ اسی دوران کار سوار ملزمان نے دھاوا بول دیا، ملزمان نے فائرنگ کرتے ہوئے چاروں افراد کو شدید زخمی کردیا، جو زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے موقع پر ہی دم توڑ گئے۔
فائرنگ سے جاں بحق ہونے والوں میں میں شکیل، دلدار اور خالد سمیت چار افراد شامل ہیں جنکی لاشوں کو پوسٹمارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے جبکہ فائرنگ کرنے والے ملزمان موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
پولیس کے مطابق فائرنگ کا واقعہ پراپرٹی دشمنی کا معلوم ہوتا ہے۔ تاہم ملزمان کی تلاش کیلئے کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔

رواں برس کس ملک سے کتنے عازمین سعودی عرب جائیں گے؟ حج کوٹہ جاری

جدہ: (ویب ڈیسک) سعودی عرب نے حج 2022 کیلئے کوٹہ جاری کر دیا جس کے بعد مختلف ممالک سے اسی کوٹے کی بنیاد پر عازمین حجاز مقدس جاسکیں گے۔
سعودی گزٹ کی رپورٹ کے مطابق سال 2022 میں مجموعی طور پر 10 لاکھ افراد دنیا بھر سے فریضہ حج ادا کریں گے۔
سعودی وزارت حج و عمرہ کا کہنا ہے کہ رواں برس 65 سال سے کم عمر افراد حج کر سکیں گے اور ان حج کے خواہاں افراد کیلئے ضروری ہے ان کا سعودی وزارت صحت کی جانب سے منظور شدہ کورونا ویکسین کا کورس مکمل ہو۔
بیرون ممالک سے آنے والے عازمین حج کیلئے لازمی ہوگا کہ وہ روانگی سے زیادہ سے زیادہ 72 گھنٹے پرانی منفی پی سی آر ٹیسٹ رپورٹ فراہم کریں۔
اس کے علاوہ مختلف ممالک کو دیے جانے والے حج کوٹہ کی تعداد بھی سامنے آگئی ہے۔
سعودی گزٹ میں شائع رپورٹ میں ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ اس سال سب سے زیادہ مسلمان انڈونیشیا سے حج کیلئے آئیں گے۔ انڈونیشیا سے زیادہ سے زیادہ ایک لاکھ 51 افراد کو حج کیلئے آنے کی اجازت ہوگی۔
انڈونیشیا کے بعد جس ملک سے سب سے زیادہ عازمین حج کو آنے کی اجازت دی گئی ہے وہ پاکستان ہے۔ پاکستان سے زیادہ سے زیادہ 81 ہزار 132 افراد حج کیلئے جاسکیں گے۔
اس کے علاوہ بنگلہ دیش کا حج کوٹہ 57 ہزار585، نائجیریا کا 43 ہزار 8 ہے۔ افغانستان کا حج کوٹہ 13ہزار 582 اور ترکی کا 37ہزار 770ہے۔
برطانیہ کاکوٹہ 12 ہزار 348،امریکہ 9 ہزار 504 اور فرانس کا حج کوٹہ 9 ہزار268 ہے۔
افریقی ملک انگولا سے سب سے کم صرف 23 افراد فریضہ حج کیلئے جاسکیں گے۔
خیال رہے کہ سالانہ ہر ملک کو مسلمانوں کی آبادی کے تناسب سے حج کوٹہ مختص کیاجاتا ہے۔
اس سال غیر ملکی عازمین حج کی تعداد 8 لاکھ 50 ہزار جبکہ مقامی افراد کی تعداد ایک لاکھ 50 ہزار ہوگی۔
غیر ملکی کوٹے میں اس سال 45.2 فیصد کمی کی گئی ہے جس کی وجہ عالمی وبا کورونا وائرس ہے۔ کورونا وائرس سے قبل ہر ملک کا کوٹہ اس سے زیادہ ہوتا تھا۔ 2020 میں پاکستان کا حج کوٹہ تقریباً ایک لاکھ 79 ہزار210 تھا۔

مودی کے دیس میں مسلمان ہونا سب سے بڑا جرم، درجنوں نوجوان گرفتار

نئی دہلی: (ویب ڈیسک) بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی کے علاقے جہانگیر پوری میں مسلمانوں کو نشانہ بنانے کا سلسلہ جاری ہے، گھروں اور دکانوں کو مسمار کرنے کے خلاف مظاہرہ کرنے پر درجنوں نوجوانوں کو گرفتار کر لیا گیا۔
مودی کے دیس میں مسلمان ہونا سب سے بڑا جرم بن گیا، دلی کے علاقے جہانگیر پوری میں مسلمانوں پر ظلم و ستم جاری، جہانگیر پوری آپریشن کے متاثرین نے مودی سرکار کی ظالمانہ کارروائی کے خلاف مظاہرہ کیا تو پولیس پر امن مظاہرین پر ٹوٹ پڑی، اپنے حق کے لیے آواز بلند کرنے والے درجنوں نوجوان گرفتار ہوگئے۔
متاثرین کا کہنا ہے کہ انہیں صرف مسلمان ہونے کی بنا پر نشانہ بنایا جا رہا ہے، اپوزیشن رہنما، ششی تھرور نے مودی سرکار کو سامراج قرار دے دیا۔
ہندو انتہا پسند گروپ کے ساتھ جھڑپوں کے بعد جہانگیر پوری میں مسلمانوں کی بستی کو ملیا میٹ کرنے کی کوشش کی گئی تاہم فی الحال عدالتی حکم پر آپریشن روک دیا گیا ہے۔