ایک دن میں 31 انڈے دینے والی مرغی توجہ کا مرکز بن گئی

نئی دہلی: (ویب ڈیسک) بھارت میں مرغی نے ایک دن میں 31 انڈے دے کر سب کو حیرت میں مبتلا کر دیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ان دنوں ریاست اتراکھنڈ کے ضلع الموڑا میں ایک مرغی سب کی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے کیونکہ اس نے ایک دن میں دو، تین نہیں بلکہ پورے 31 انڈے دینے کے بعد سب کو حیران کر دیا۔
رپورٹس کے مطابق یہ مرغی عام مرغیوں کی طرح کیڑے مکوڑے نہیں بلکہ مونگ پھلی اور لہسن کھاتی ہے۔
میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ مرغی کے مالک گریش چندرا بدھانی کے بچے مرغیاں پالنا چاہتے تھے تو وہ دور دراز علاقے سے دو چوزے دو سو روپے میں خرید کر لائے، گریش چندر اور ان کے بچوں نے چوزوں کو پالنا شروع کیا ،وہ مرغیوں کو لہسن اور مونگ پھلی کھلاتے تھے۔
25 دسمبر کو جب گریش گھر واپس آئے تو ان کے بچوں نے بتایا کہ ایک مرغی نے 5 انڈے دیئے ہیں، وہ یہ سن کر حیران ہوئے تاہم یہ سلسلہ رُکا نہیں، اس کے بعد مرغی نے ہر 10، 15 منٹ میں انڈے دینا شروع کئے اور مجموعی طور پر 31 انڈے دیئے۔
اتنی تعداد میں انڈے دینے کے بعد گریش کو لگا کہ مرغی کسی قسم کی بیماری میں مبتلا ہے اس لئے وہ اسے ڈاکٹر کے پاس لے گئے۔
رپورٹس کے مطابق ڈاکٹر نے مرغی کا چیک اپ کرنے کے بعد بتایا کہ مرغی بالکل ٹھیک اور صحت مند ہے۔
علاقہ مکین گریش کی مرغی کو دیکھنے کے لئے جمع ہوگئے، ان کا مشورہ ہے کہ گریش کو اپنی مرغی کا نام گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈز میں درج کروانا چاہیے۔

پیار کرنا پسند نہ آیا، شیر نے سیاح کا ہاتھ دبوچ لیا

لاہور: (ویب ڈیسک) جنگلی جانوروں کے قریب جانے کا شوق کسی بھی وقت مہنگا پڑ سکتا ہے، ایک ایسی ہی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہے۔
بھارتی میڈیا پر ایک ویڈیو شیئر کی گئی ہے جس میں ایک شخص کو پنجرے میں موجود شیروں کو ہاتھ لگا کر پیار کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ چڑیا گھر کے ایک پنجرے میں دو شیر موجود ہیں اور سیر کیلئے آئے ہوئے ایک سیاح نے پنجرے میں لگی حفاظتی جالیوں کے اندر سے ہاتھ ڈال کر شیر کو پیار کیا مگر شیروں کو سیاح کا ہاتھ لگانا پسند نہیں آیا۔
شیر نے اپنی طاقت کا استعمال کرتے ہوئے سیاح کا ہاتھ دبوچ لیا، تاہم خوش قسمتی سے سیاح شیر کے منہ سے اپنا ہاتھ بچانے میں کامیاب ہوگیا۔

سونے کی فی تولہ قیمت میں 200 روپے کی کمی

کراچی: (ویب ڈیسک) کئی روز کے مسلسل اضافے کے بعد آج سونے کی قیمت میں 200 روپے فی تولہ کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق 200 روپے کمی کےبعد ملک میں ایک تولہ سونے کا بھاؤ 1 لاکھ 82 ہزار 600 روپے ہے۔
10 گرام سونے کی قیمت 171 روپے کمی کے ساتھ 1 لاکھ 56 ہزار 550 روپے ہے جبکہ عالمی صرافہ میں سونے کا بھاؤ 4 ڈالر اضافے سے 1807 ڈالر فی اونس ہے۔

ڈالر کے مقابلے میں روپے کی مسلسل بے قدری 

کراچی: (ویب ڈیسک) کاروباری ہفتے کے چوتھے روز ڈالر کے مقابلے میں روپے کی بے قدری مسلسل جاری ہے۔
انٹر بینک میں ڈالر 4 پیسے اضافے کے ساتھ 226 روپے 41 پیسے پر بند ہوا جبکہ گزشتہ روز انٹر بینک میں ڈالر 22 پیسے اضافے کے ساتھ 226 روپے 37 پیسے پر بند ہوا تھا۔
اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت میں استحکام دیکھنے میں آیا جس کے بعد 235 روپے65 پیسے پر فروخت ہوا جبکہ گزشتہ روز اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت میں 60 پیسے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا تھا۔

سٹاک مارکیٹ میں مثبت رجحان، 100 انڈیکس میں 467 پوائنٹس کا اضافہ

کراچی: (ویب ڈیسک) سٹاک مارکیٹ میں مثبت رحجان دیکھنے میں آیا، کاروباری ہفتے کے چوتھے روز مارکیٹ میں 100 انڈیکس 467 پوائنٹس اضافے کے ساتھ 39 ہزار 747 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔

ڈیفالٹ کی باتیں کرنے والا پاکستان کا دشمن ہے: احسن اقبال

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا ہے کہ حالیہ سیلاب سے 30 ارب ڈالر کا نقصان ہوا، ہم نے سیلاب کے بعد کی صورتحال پر بہتر انداز سے قابو پایا۔
میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ ہم ملک کو بہتری کی طرف لے کر جا رہے ہیں، پاکستان کے موجودہ حالات اور مستقبل پر ہمیں سیاست سے گریز کرنا چاہیے، حالات گھمبیر ہیں، مہنگائی کم کرنے کیلئے اقدامات کر رہے ہیں، ہم چیلنجز کا سامنا بھی کریں گے اور ان کو حل بھی کریں گے، ہمیں کوشش کرنی ہوگی کہ ایکسپورٹ میں کسی قسم کا بریک نا آئے۔
وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا ڈیفالٹ کی باتیں کرنے والا پاکستان کا دشمن ہے، بدقسمتی سے سی پیک کو گزشتہ 4 سالوں میں بند کردیا جس کا ہم خمیازہ بھگت رہے ہیں، پی ٹی آئی نے سی پیک منصوبے کو 4 سال تک التوا میں رکھا، ہمیں اپنی برآمدات کو بڑھانا ہے، ملک کی بہتری کیلئے تاجر برادری کی تجاویز کا خیر مقدم کریں گے۔

وزیر اعظم سے آرمی چیف کی ملاقات، ملکی سلامتی کے امور پر تبادلہ خیال

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیر اعظم شہباز شریف سے آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے ملاقات کی جس میں ملکی سلامتی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف اور آرمی چیف کی ملاقات کے دوران قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس سے متعلق امور پر غور کیا گیا، اس موقع پر وزیر اعظم نے ملکی دفاع میں جانیں قربان کرنے والے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا۔
دونوں سربراہوں نے ملاقات کے دوران دہشتگردی کی عفریت سے نمٹنے کے عزم کا اظہار کیا، اس موقع پر فوج کے پیشہ وارانہ امور اور ملکی امن و امان کی صورتحال پر بھی تفصیلی طور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ون ڈے پلیئرز آف دی ایئر کے لئے نامزدگیوں کااعلان ، بابر اعظم نامزد

دبئی: (ویب ڈیسک) آئی سی سی نے ٹی 20 کے بعد بہترین ون ڈے پلیئرز بھی نامزد کر دیئے۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی جانب سے جاری کردہ بہترین ون ڈے پلیئرز میں قومی کپتان بابر اعظم کو بھی نامزد کردیا گیا۔
سال 2022 کے بہترین ون ڈے پلیئرز میں قومی کپتان بابر اعظم سمیت آسٹریلیا کے ایڈم زمپا، زمبابوے کے سکندر رضا اور ویسٹ انڈیز کے کھلاڑی شائی ہوپ شامل ہیں۔

کوہلی، روہت اور نہ راہول: پانڈیا بھارت کی ٹی 20 ٹیم کے کپتان مقرر

ممبئی: (ویب ڈیسک) بورڈ آف کرکٹ کنٹرول ان انڈیا (بی سی سی آئی) نے سری لنکا کے خلاف ٹی 20 سیریز کے لیے آل راؤنڈر ہاردک پانڈیا کو باقاعدہ طور پر ٹیم کا کپتان مقرر کر دیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق 3 جنوری سے بھارت میں شروع ہونے والی ٹی 20 سیریز کے لیے بھارتی ٹیم میں روہت شرما، کے ایل راہول اور ویرات کوہلی شامل نہیں ہیں اور ٹیم کا کپتان ہاردک پانڈیا کو مقرر کیا گیا ہے اور سوریا کمار یادیو ان کے نائب ہوں گے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق روہت شرما سری لنکا کے خلاف 10 جنوری سے شروع ہونے والی ایک روزہ میچوں کی سیریز کے لیے بھارتی ٹیم کی قیادت کریں گے اور ہاردک پانڈیا ون ڈے سیریز کے لیے ٹیم کے نائب کپتان ہوں گے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بی سی سی آئی کی جانب سے یہ وضاحت نہیں کی گئی کہ پانڈیا کو انجری کا شکار روہت کی جگہ عارضی طور پر ٹیم کا کپتان مقرر کیا گیا ہے یا پھر وہ ٹی 20 ٹیم کے مستقل کپتان ہوں گے۔
بھارتی ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹر رشبھ پنٹ ٹی 20 اور ایک روزہ میچوں کی سیریز کے لیے ٹیم میں جگہ بنانے میں ناکام رہے جبکہ ایشان کشن کو دونوں ٹیموں میں شامل کیا گیا ہے۔
رشبھ پنٹ کے علاوہ شیکر دھون جنہوں نے نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز میں بھارتی ٹیم کی قیادت کی تھی وہ بھی ایک روزہ ٹیم کا حصہ نہیں ہیں۔

کین ولیمسن پاکستانی سرزمین پر سب سے طویل اننگز کھیلنے والے کیوی کھلاڑی بن گئے

کراچی: (ویب ڈیسک) نیوزی لینڈ کے سابق کپتان کین ولیمسن پاکستانی سر زمین پر سب سے طویل اننگز کھیلنے والے کیوی کھلاڑی بن گئے۔
کیوی ٹیم کے کھلاڑی کین ولیمسن نے کراچی ٹیسٹ میں پورے 600 منٹس تک بیٹنگ کرتے ہوئے ڈبل سنچری سکور کی، اس سے قبل مارٹن کرو نے 1990 میں 552 منٹس تک بیٹنگ کی تھی۔
یہ پاکستان میں کسی بھی غیر ملکی کی تیسری طویل اننگز ہے، بھارت کے راہول ڈریوڈ نے راولپنڈی میں 740 اور آسٹریلوی بیٹر مارک ٹیلر نے پشاور میں 720 منٹس وکٹ پر قیام کیا تھا۔
کین ولیمسن 600 منٹس بیٹنگ کر کے کراچی میں سب سے طویل بیٹنگ کرنیوالے غیر ملکی ہوگئے ہیں اور وہ کراچی ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں 200 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔