تائیوان کی لازمی فوجی سروس کا عرصہ ایک سال کرنے کا فیصلہ

تائ پے : (ویب ڈیسک) تائیوان نے چین کے ساتھ کشیدگی اور ملکی سلامتی کے پیش نظر 2024 سے اپنی لازمی فوجی سروس کا عرصہ تین گنا بڑھانے کا فیصلہ کرلیا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق تائیوان کی صدر سائی اِنگ وَین کی جانب سے لازمی فوجی سروس کی مدت کا دورانیہ ایک سال تک کرنے کا اعلان کیا گیا ہے جس پر عملدرآمد 2024 سے کیا جائے گا۔
رپورٹس کے مطابق تائیوان میں عام شہریوں کے لیے لازمی فوجی سروس کی مدت صرف چار ماہ ہے لیکن صدر کے اعلان کے مطابق 2024ء کے آغاز سے اس عرصے کو تین گنا کر کے اس کا دورانیہ ایک سال کر دیا جائے گا۔
اس حوالے صدر سائی انگ وین کا کہنا تھا کہ فوجی سروس سے متعلق فیصلہ غیر معمولی حد تک مشکل تھا لیکن ملکی سلامتی اور چین کی وجہ سے درپیش خطرات کے پیش نظر ناگزیر بھی تھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ تائیوان کوئی جنگی میدان نہیں بنے گا بلکہ جب تک مضبوط رہے گا، جمہوریت کا گھر اور دنیا بھر میں آزادی کے لیے کوششیں کرتا رہے گا۔

طالبان حکومت افغان خواتین کے حقوق کا تحفظ یقینی بنائے : اقوام متحدہ

نیو یارک: (ویب ڈیسک) اقوام متحدہ میں انسانی حقوق کے کمشنر وولکر تُرک نے کہا ہے افغانستان میں خواتین پر لگائی جانے والی پابندیاں سرحد سے پار بھی خطرے کا سبب بننے کا خدشہ ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق اقوام متحدہ میں انسانی حقوق کے کمشنر وولکر ترک نے کہا کہ افغان خواتین اور لڑکیوں پر پابندیوں سے افغانوں کی مشکلات میں اضافہ ہوگا، طالبان خواتین کے خلاف پالیسیاں فوری ختم کریں، کوئی بھی ملک اپنی نصف آبادی کو نکال کر معاشی اور سماجی ترقی نہیں کرسکتا۔
وولکر ترک نے کہا کہ یہ پابندیاں افغان معاشرے کو غیرمستحکم کریں گی اور نہ صرف افغان خواتین بلکہ تمام افغانوں کے لیے خطرناک نتائج کا سبب بنیں گی۔
کمشنر نے طالبان حکام سے مطالبہ کیا کہ خواتین کے حقوق کا تحفظ اور احترام یقینی بنائیں اور انہیں سماجی، سیاسی اور معاشی شعبوں کا حصہ بنایا جائے۔

وفاقی کابینہ کا اجلاس آج، توانائی بچت عملدرآمد پلان پیش کیا جائیگا

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی کابینہ کے آج ہونے والے اجلاس میں توانائی بچت عملدرآمد پلان پیش کیا جائیگا۔
وزیر اعظم شہباز شریف کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس آج شام 4 بجے ہو گا، جبکہ کابینہ اجلاس سے توشہ خانہ پر وزرا کی کمیٹی کی تحقیقاتی رپورٹ کا ایجنڈا ڈراپ کرکے 8 نکاتی نیا ایجنڈا جاری کر دیا گیا۔
ہارڈ شپ کیٹگری کی ایک دوا کی قیمت میں اضافے54 میں کمی کی سمری منظوری کیلیے پیش ہوگی، کابینہ ای سی سی کے 21 دسمبر کے فیصلوں کی توثیق کریگی جبکہ سیاسی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال ہو گا۔
وفاقی کابینہ کے اجلاس میں خیبر پختونخوا میں وزیراعظم سستا آٹا پیکیج کی توثیق بھی کی جائے گی۔

فیصل آباد: فنڈز جاری نہ ہونے پر سیف سٹی منصوبہ 5 سال بعد بھی زیر تعمیر

فیصل آباد: (ویب ڈیسک) فیصل آباد میں سیف سٹی منصوبہ 5 سال سے زیر تعمیر ہے جس کی تکمیل کے لئے فنڈز 2022ء میں بھی جاری نہ ہو سکے، منصوبہ 1 سال میں مکمل ہونا تھا، منصوبہ تاخیر کا شکار ہونے سے لاگت 40 ملین بڑھنے کا تخمینہ لگایا جا رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق فیصل آباد سیف سٹی منصوبہ 5 سال بعد بھی ادھورا اور فنڈز کی کمی کا شکار ہے، فنڈز کی کمی کی وجہ سے تاحال منصوبہ مکمل نہیں کیا جا سکا، منصوبہ مکمل نہ ہونے کی وجہ سے جرائم پیشہ عناصر شہر میں بلا خوف و خطر کارروائیاں کرنے میں مصروف ہیں۔
فیصل آباد سیف سٹی منصوبے کا افتتاح 24 مئی 2017ء کو ہوا، 19 کنال اراضی پر بننے والے منصوبے کے لئے 157 ملین سے زیادہ کی رقم مختص ہوئی جس کی مدت تکمیل 1 سال تھی، لیکن منصوبے پر محض 80 ملین فنڈز خرچ ہوئے جس سے صرف بلڈنگ کا ڈھانچہ ہی بن پایا ہے، بلڈنگ ڈیپارٹمنٹ نے پنجاب حکومت سے مزید 73 ملین روپے مانگے تھے، فنڈز جاری نہ ہونے کی وجہ سے منصوبے پر تعمیراتی کام جون 2018ء میں روک دیا گیا۔
فیصل آباد سیف سٹی لے تحت 4 منزلہ عمارت میں مانیٹرنگ روم بننا تھا جس سے شہرمیں 7 ہزار کیمروں کی مدد سے نگرانی کا کام کیا جانا تھا، مانیٹرنگ روم سے کسی بھی واردات کے شواہد اور مجرموں کی شناخت میں مدد ملنا تھی، ادھورے سیف سٹی منصوبے کی وجہ سے جرائم پیشہ عناصر بلا خوف و خطر وارداتیں کر رہے ہیں جبکہ شہری کسی بھی واردات کے مجرم کے نہ پکڑے جانے اور تفتیش کی سست رفتاری سے پریشان ہیں۔
اس متعلق سٹی پولیس آفیسر کا کہنا ہے کہ فنڈز کی کمی کی وجہ سے منصوبہ تاخیر کا شکار ہوا تاہم اس پر جلد کام شروع کر دیا جائے گا، منصوبہ تاخیر کا شکار ہونے سے اس کی لاگت 40 ملین بڑھنے کا تخمینہ لگایا جا رہا ہے، نامکمل عمارت بھی موسمی حالات اور دیکھ بھال نہ ہونے سے کھنڈر بن رہی ہے۔

سٹیٹ بینک کا مخصوص شعبوں کیلئے زرمبادلہ قوانین میں نرمی کا اعلان

کراچی: (ویب ڈیسک) سٹیٹ بینک آف پاکستان نے 9 مئی اور 5 جولائی کو جاری کردہ ہدایات اور زرمبادلہ کے سخت قواعد وضوابط کو مخصوص شعبوں کے لیے نرم کرنے کا اعلان کردیا۔
سٹیٹ بینک نے زرمبادلہ کے مجاز ڈیلرز کو جاری کردہ ای پی ڈی سرکلر لیٹر نمبر 20 کے تحت گاڑیوں کے پرزہ جات،آلات سمیت فیول اور انرجی سیکٹر کے پرزہ جات، مشینری اور کمپوننٹس، الیکٹرانک اور الیکٹرک پرزہ جات کی درآمد کے لیے سٹیٹ بینک کی پیشگی منظوری کی شرط ختم کردی۔
گاڑیوں کے پرزہ جات اور سی کے ڈی کی درآمد کے لیے اسٹیٹ بینک کی پیشگی منظوری کی شرط بھی ختم کردی گئی ہے۔
سٹیٹ بینک نے کہا ہے کہ زرمبادلہ کے مجاز ڈیلرز کو ایچ ایس کوڈ چیپٹر 84، 85 اور 87 کے تحت درآمد کی جانے والی اشیاء کے لیے اجازت نہیں لینی ہوگی۔ زیرالتواء درخواستیں ڈیلرز کو واپس کردی جائیں گی۔
مرکزی بینک نے کہا ہے کہ زرمبادلہ کے مجاز ڈیلرز انتہائی ضرورت کی اشیاء کو ترجیحاً زرمبادلہ فراہم کریں، اشیائے خوراک، گندم، خوردنی تیل، ادویات کے خام مال، جان بچانے والی ادویات اور طبی و سرجری آلات کو ترجیح دی جائے۔ پٹرولیم سیکٹر، آئل گیس اور کوئلے کی درآمدات کو ترجیحاً زرمبادلہ فراہم کیا جائے، پٹرولیم سیکٹر کی درآمدات کے لیے میرٹ آرڈر پر عمل کرنا ہوگا۔
ایکسپورٹ انڈسٹری کے خام مال، ان پٹس، اسپیئر پارٹس کو بھی ترجیح دی جائے۔ زرعی شعبہ کی بحالی کے لیے بیج، کھاد اور زرعی ادویات کی درآمدات کو بھی دیگر اشیاء پر ترجیح دینے کی ہدایت کی گئی ہے۔
365 روز سے زائد مدت کی موخر ادائیگیوں، سسٹر یا پیرنٹ کمپنیوں سے درآمدات کرنے والوں، پروجیکٹ لون اور ایکویٹی کی شکل میں زرمبادلہ کا بندوبست کرنے والے امپورٹرز کسی تاخیر یا پیشگی اجازت کے بغیر درآمدات کے لیے زرمبادلہ حاصل کرسکیں گے۔
سٹیٹ بینک نے کہا ہے کہ نئے ایکسپورٹ یونٹس کو بھی ترجیحی بنیادوں پر زرمبادلہ مہیا کیا جائے، اسٹیٹ بینک نے زرمبادلہ کے مجاز ڈیلرز کو ہدایت کی ہے کہ وہ مبادلہ مارکیٹ اور کسٹمرز کے رسک کو مدنظر رکھتے ہوئے زرمبادلہ کی درخواستیں پروسیس کریں، ان ہدایات کا اطلاق 2 جنوری 2023ء سے ہو گا۔

پنجاب میں آٹے کا بحران، لاہور میں فی کلو قیمت 140 روپے تک جا پہنچی

لاہور: (ویب ڈیسک) گندم اور سرکاری آٹے کی دیگر صوبوں میں مہنگے داموں اسمگلنگ کے باعث پنجاب میں آٹے کا بحران سنگین ہوگیا جبکہ چکی کا آٹا تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب کے سرکاری آٹے کی اضافی رقم پر سندھ اور خیبرپختونخوا میں سمگلنگ کا انکشاف سامنے آیا ہے اور یہ بھی بتایا گیا ہے کہ 1295 روپے والا سرکاری تھیلا 2400 روپے میں سمگل ہورہا ہے۔
پنجاب سے آٹے کی دیگر صوبوں میں سمگلنگ کے باعث صوبے بھر میں آٹا غائب ہوگیا ہے جبکہ لاہور میں چکی کے آٹے کی قیمت تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔
بحران کے باعث لاہور میں چکی کا آٹا 140 روپے فی کلو جبکہ دس کلو کا تھیلا 1400 اور بیس کلو کا تھیلا 2800 روپے میں میں فروخت کیا جارہا ہے۔

کورونا بارڈر پالیسی ، امریکی عدالت نے مہاجرین کی فوری ملک بدری کی حمایت کردی

واشنگٹن: (ویب ڈیسک) امریکا میں کورونا دور کی بارڈر پالیسی برقرار ہے ، سپریم کورٹ نے نقل مکانی کرنیوالوں کی فوری ملک بدری کی حمایت کردی۔ خبر رساں ادارے کے مطابق عدالت نے اس حوالے سے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دور میں متعارف کرائی گئی تبدیلی کو مسترد کرنے سے انکار کردیا ہے۔ امریکی انتظامیہ کو ٹائٹل فورٹی ٹو اس بات کی اجازت دیتا ہے کہ ایسے ممالک جہاں سے آنیوالوں کے زریعے امریکا میں کورونا وائراس کے پھیلاؤ کا خدشہ ہو، ان تمام تارکین کو فوری طورپر ملک بدر کردیا جائے، ایسے تمام افراد کو امریکا میں سیاسی پناہ لینے کا موقع بھی نہیں دیا جاتا۔ ٹرمپ دور میں متعارف کرایا گیا یہ اقدام عبوری تھا اوراس کی مدت دسمبر میں اختتام پذیر ہورہی تھی تاہم اب اس اقدام پر امریکی سپریم کورٹ میں 19 ری پبلکن اٹارنی جرنلز نے مقدمہ دائر کیا تھا، جس پر عدالت نے درخواست پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ سپریم کورٹ اب اس معاملے پر فروری میں ریاستوں کے دلائل سنے گی جس میں یہ طے کیا جائے گا کہ آیا مقامی انتظامیہ کو دوسرے ملکوں سے آنیوالے افراد سے متعلق موجودہ پالیسی میں مداخلت کرنے کا اختیار ہے یا نہیں ۔ گزشتہ 12 ماہ کے دوران تقریباً 25 لاکھ افراد کو جنوبی امریکی سرحد عبور کرنے کی کوشش کرتے ہوئے روکا گیا تھا، دو سال پہلے زیادہ تر تارکین وطن میکسیکو، ہونڈوراس، گوئٹے مالا اور ایل سلواڈور، وینزویلا، کیوبا، مشرقی یورپ سے تعلق رکھتے تھے۔

3 بھارتی پولیس اہلکاروں پرساتھی کے قتل کا مقدمہ درج

نئی دہلی : (ویب ڈیسک) بھارتی ریاست اتر پردیش میں 2020 میں قتل ہونے والے پولیس اہلکار کے قتل کا مقدمہ، تین ساتھی اہلکاروں کیخلاف درج کرلیا گیا ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ اتر پردیش کے میرٹھ ضلع میں تعینات تین پولیس کانسٹیبلوں کے خلاف منگل کے روز اپنے 25 سالہ ساتھی کو مارنے کے الزام میں مقدمہ درج کیا گیا۔ خیال رہے کہ یہ معاملہ 9 دسمبر 2020 کا ہے ، جب مراد آباد کے بدھی بہار کے رہنے والے 25 سالہ کانسٹیبل پون کمار کو امروہہ ضلع ، گجرولا قصبے کے علاقے رجب پور میں مبینہ طور پر اس کے تین ساتھیوں نے قتل کر دیا تھا۔ پون کمار میرٹھ میں تعینات تھے، اس کے والد منوہر سنگھ کے مطابق، تینوں ملزمان جن کی شناخت منوج کمار، سچن کمار اور راہول کمار کے طور پر کی گئی ہے ، پون کو “پارٹی میں شرکت” کے بہانے گجرولا لے گئے اور وہاں اس کو تشدد کا نشانہ بنایا ۔ ایک مقامی نے پون کے والدین کو اطلاع دی ، جنہوں نے اسے مراد آباد کے ایک میڈیکل کالج میں پہنچایا تاہم وہ جانبر نہ ہوسکے ۔ پون کے والد نے الزام لگایا کہ انہوں نے ملزم کے خلاف رجب پور تھانے میں شکایت درج کروائی تھی لیکن پولیس نے اس معاملے میں کوئی مقدمہ درج نہیں کیا۔ اہل خانہ کے کیس میں شکایت درج کرنے کے لیے عدالت میں درخواست دائر کی ،گزشتہ روز عدالت کے حکم کے بعد پولیس نے کانسٹیبل منوج، سچن اور راہول کے خلاف آئی پی سی کی دفعہ 302 کے تحت مقدمہ درج کیا ہے۔ امروہہ کے پولیس سپرنٹنڈنٹ کا کہنا ہے کہ کانسٹیبل پون کمار کی دو سال قبل موت ہو گئی تھی، ہم نے مقامی عدالت کے حکم کی بنیاد پر تین کانسٹیبلوں کے خلاف مقدمہ درج کیا ہے جس پر مزید تحقیقات جاری ہیں۔

اگر یہ ملک کی خدمت کرنا چاہتے ہیں تو فوری الیکشن کا اعلان کریں، مسرت چیمہ

لاہور: (ویب ڈیسک) ترجمان وزیر اعلیٰ و پنجاب حکومت مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ اگر یہ ملک کی کوئی خدمت کرنا چاہتے ہیں تو فوری الیکشن کا اعلان کر دیں۔ سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری پیغام میں ترجمان حکومت پنجاب مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ ہر دن کا آغاز معاشی میدان میں ایک بری خبر سے ہوتا ہے، ٹیکسٹائل انڈسٹری سے لاکھوں خاندان وابستہ ہیں، ٹیکسٹائل انڈسٹری تباہی کے دہانے پر ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جن گھروں میں بھوک راج کر رہی ہے وہ ان سازشیوں کو جھولی بھر کے بد دعا دے رہے ہیں، اگر یہ ملک کی کوئی خدمت کرنا چاہتے ہیں تو فوری الیکشن کااعلان کریں۔

راولپنڈی میں ٹریلر کی 4 موٹر سائیکلوں کو ٹکر، 3 افراد جاں بحق

راولپنڈی: (ویب ڈیسک) راولپنڈی میں 4 موٹرسائیکلز ٹریلر کی زد میں آگئیں، افسوسناک حادثے میں 3 افراد جان کی بازی ہار گئے۔ ذرائع کے مطابق حادثہ باہترموڑ ٹیکسلا جی ٹی روڈ کے قریب پیش آیا، حادثے کے بعد زخمیوں کو طبی امداد کے لئے قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ ادھر شیخوپورہ میں خوفناک ٹریفک حادثہ پیش آیا جس میں کار کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار پولیس اہلکار جاں بحق ہوا جبکہ کار ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا۔