کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستان پیپلزپارٹی سندھ کے صدر نثار کھوڑو نے کہا ہے کہ حافظ نعیم الرحمان کو سنجیدہ شخص سمجھتا ہوں، عمران خان کی طرح ضد نہ کرے اور نہ اس کی زبان بولیں۔
انہوں نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بلدیاتی الیکشن کے حوالے سے عوام نے جو فیصلہ دیا وہ سب کے سامنے ہے، پیپلزپارٹی نے حیدرآباد میں کلین سوئپ کیا اور کراچی میں دیگر جماعتوں سے زیادہ ووٹ لیے ہیں۔
پی پی سندھ کے صدر نے کہا کہ جماعت اسلامی کو چاہیے پیپلزپارٹی کی اکثریت کو مانے، حافظ نعیم الرحمان عمران خان کی طرح ضد نہ کریں اور کراچی کو بہتر کرنا ہے تو اس کی زبان بھی نہ بولیں۔
نثار کھوڑو نے کہا کہ بلدیاتی الیکشن میں کسی کو سادہ اکثریت حاصل نہیں، جماعت اسلامی نے اعتراض کیا کہ رزلٹ دیرسے دیے گئے، حافظ نعیم کا یہ کہنا کہ سوسال میں بھی پیپلزپارٹی کراچی سے نہیں جیت سکتی، ایسی باتیں کرنا جمہوریت نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ پہلے یہ کہتے تھے کہ پیپلزپارٹی الیکشن سے بھاگ رہی ہے، جب پیپلزپارٹی نے سبقت لے لی توانہیں اعتراض ہے۔
پی پی سندھ کے صدر نثار کھوڑو نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پیپلزپارٹی نے ایم کیوایم کو بلدیاتی انتخابات کا بائیکاٹ نہ کرنے کا مشورہ دیا تھا، ایم کیوایم والے کافی وقت کے بعد ایک ساتھ ہوئے ہیں۔