لاہور : (ویب ڈیسک) الیکشن کمیشن کی جانب سے نگران وزیراعلیٰ پنجاب کی تقرری کے معاملے پرچیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے پارٹی کے سینئر رہنماؤں کا اجلاس آج زمان پارک طلب کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق اجلاس میں محسن نقوی کی تقرری کے خلاف قانونی اور سیاسی آپشنز کا جائزہ لیا جائے گا ، مشاورت کے بعد چیئرمین تحریک انصاف عمران خان آج اہم پریس کانفرنس کریں گے۔
عمران خان پنجاب میں نگران وزیر اعلیٰ کے معاملے پر اپنا اگلا لائحہ عمل دیں گے جبکہ رجیم چینچ سے متعلق بھی اہم گفتگو کریں گے۔
پی ٹی آئی چیئرمین محسن نقوی کی تقرری کے خلاف احتجاجی کال کا بھی اعلان کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں : محسن نقوی کی نگران وزیر اعلیٰ تقرری کیخلاف تحریک انصاف کا عدالت جانے کا اعلان
اس سے قبل پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما فواد چودھری نے کہا تھا کہ محسن رضا نقوی کی بطور نگران وزیر اعلیٰ پنجاب تقرری مسترد کرتے ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی زیر صدارت اجلاس میں محسن نقوی کو نگران وزیراعلیٰ پنجاب مقرر کیا گیا تھا، الیکشن کمیشن کی جانب سے تقرری کے بعد محسن نقوی نے رات کو ہی اپنے عہدے کا حلف اٹھایا تھا ۔






































