اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے جدید سہولیات سے آراستہ گرین لائن ایکسپریس ٹرین کا افتتاح کردیا۔
جدید سہولیات سے آراستہ یہ گرین لائن ایکسپریس ٹرین اسلام آباد سے کراچی براستہ پاکستان ریلوے مین لائن۔ون پیسنجر سروس مہیا کرے گی۔ اس ٹرین کو چین سے آنے والی نئی کوچز کے ساتھ چلایا جائے گا۔
اسلام آباد سے کراچی تک چلنے والی گرین لائن راستے میں راولپنڈی، چکلالہ، لاہور، خانیوال، بہاولپور، روہڑی، حیدرآباد اور ڈرگ روڈ اسٹیشنز پر رکے گی۔ گرین لائن میں فائیو اسٹار ہوٹل کی طرف سے ناشتہ، لنچ، ہائی ٹی، ڈنر اور انٹرنیٹ ٹکٹ کی قیمت ہی میں دیا جائے گا جبکہ اعلیٰ معیار کی بیڈنگ، یوٹیلیٹی کٹ اور ہاوٴس کیپنگ کی سہولیات بھی میسر ہوں گی۔
گرین لائن کا ٹرن اراوٴنڈ ٹائم 22 گھنٹے رکھا گیا ہے، گرین لائن کراچی سے رات دس بجے چلا کرے گی، اگلی دوپہر سوا دو بجے لاہور پر اسٹاپ کرے گی اور رات سوا آٹھ مارگلہ پہنچے گی۔
اسی طرح مارگلہ سے کراچی جاتے وقت سفر کا آغاز سہ پہر تین بجے ہو گا، رات آٹھ بجے ٹرین لاہور رکے گی جبکہ اگلے روز دوپہر دو بج کر بیس منٹ پر کراچی پہنچے گی۔
