لاہور: (ویب ڈیسک) سابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالٰہی سے گلگت بلتستان کے مسلم لیگی رہنماؤں نے ملاقات کی۔
ملاقات کرنے والوں میں صدر گلگت بلتستان مسلم لیگ اسد اللہ خان ایڈووکیٹ، ہارون خالد وانی اور سلطان عالم شاہ شامل تھے۔
اس موقع پر چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ عمران خان پاکستان کے سب سے مقبول ترین لیڈر ہیں، انشاء اللہ عمران خان کی قیادت میں پاکستان نے بڑی ترقی کرنی ہے، پنجاب اسمبلی عمران خان کی امانت تھی، جب انہوں نے کہا امانت واپس کر دی، ہم جس کے ساتھ چلتے ہیں خلوص اور دل سے ساتھ نبھاتے ہیں۔
سابق وزیر اعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ نالائق ن لیگ والے سب پیچھے رہ جائیں گے، شہباز شریف سمیت پوری پی ڈی ایم مکمل طور پر ایکسپوز ہو گئی، بڑا شور سنا کہ ڈار ڈالر کو کنٹرول کر لے گا، اب ڈار نے سب کچھ آؤٹ آف کنٹرول کر دیا ہے۔
چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ ن لیگ والوں کو کسی چیز کی سمجھ نہیں، اب حالات دیکھ لیں، میں نے وزارت اعلیٰ کا منصب غریب عوام کیلئے وقف کیا، غریب لوگوں کا معیار زندگی بلند کرنے کیلئے دن رات ایک کیا۔
اس موقع پر اسد اللہ خان ایڈووکیٹ نے کہا کہ چودھری پرویزالٰہی نے جس جرأت سے اسمبلی توڑنے کا فیصلہ کیا اس پر انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں، عوام میں ان کے اس فیصلے سے بڑی پذیرائی ملی ہے۔